ھمارے بارے میں
گزارش احوال واقعی۔۔۔۔۔دور حاضر میں ہمارا معاشرہ سوشل میڈیا کے ہاتھوں یرغمال بن چکا ہے اور ستم بالائے ستم یہ کہ دین اسلام کی غلط تشریحات کے ذریعے جہاں ملت اسلامیہ میں تقسیم در تقسیم کا عمل جاری ہے وہیں ملت تشیع کے افراد بالخصوص عزاداروں میں قرآن و احادیث اور تعلیمات آئمہ اطہار علیہم السلام کو غلط رنگ میں پیش کرنے کی خیانت کاری تیزی سے جاری ہے ایسے میں وطن عزیز پاکستان کے ممتاز و معروف دینی و علمی مرکز جامعہ الکوثر اسلام آباد پاکستان کی جانب سے تبلیغ دین اسلام اور ترویج تعلیمات آئمہ اطہار علیہم السلام کو مطمع نظر بناتے ہوئے ویب سائیٹ کے ذریعے قرآنی تعلیمات، تفسیر قرآنی آیات، احادیث و اقوال معصومین علیہم السلام مع تشریحات، نہج البلاغہ کے فصیح و بلیغ خطبات، صحیفہ کاملہ میں مذکور ادعیہ و مناجات، آئمہ ہدیٰ کے پاکیزہ کلمات اور دور حاضر کے تقاضوں کے عین مطابق مستند تبلیغی مواد ہر خطیب منبر تک پہنچانا مقصود ہے اسی مقصد کے لیے اس ویب سائیٹ کا اجرا کیا جا رہا ہے۔ ہمارا عزمِ بالجزم ہے کہ اس سلسلے کو ایک ایسے تبلیغی انسائیکلوپیڈیا میں تبدیل کر دیا جائے جس کے ذریعے دورِ حاضر کے تمام مبلغین کو مستند، موثر اور مفید تبلیغی مواد بروقت اور بآسانی فراہم ہو سکے۔
کچھ شک نہیں کہ ملت تشیع کے لئے منبر حسینی بہترین منبع تبلیغ دین اور اس منبر کی زینت بننے والے علماء و خطبا عظام عنانِ ذہن ِعالم جانبِ حق موڑنے کے لئے اپنی مخلصانہ صلاحیتوں کے ساتھ سرگرم عمل ہیں تاہم منبر پر تشریف لانے والی بعض شخصیات اگر اپنے مکتب کے نامور علماء و خطبا کا اندازِ تلاوت، اسلوبِ خطابت، جملوں کی بناوٹ، الفاظ کی صحت، گفتگو میں علمی و ادبی نکتوں کی حلاوت، موضوع اور نفسِ مضمون میں مطابقت اور مصائب میں خونِ جگر شامل کرنے پر قدرت جیسے اوصاف کو اپنا لیں تو تبلیغ دین کے عمل خیر میں دوگونہ اثر یقینی ہے۔
جامعہ الکوثر اپنی اس ویب سائیٹ پر مستند تبلیغی مواد اور دیگر دینی و علمی گہر پاروں کے ساتھ ساتھ اپنے مکتب کے نامور علماء و خطبا کی اہم تقاریر کے منتخب حصے بھی برائے استفادہ پیش کر رہا ہے۔۔
گر قبول افتد زہے عز و شرف