آداب معنوی سفر اربعین (حصہ دوم)

(فارسی سے ترجمہ)
سفر سے پہلے روزہ رکھنا
▪ حضرت سیدالشھدا علیہ السلام کی زیارت کے لیے سفر کرنے کے آداب میں سے ایک روحانی اور معنوی آمادگی کے لیے سفر سے پہلے روزہ رکھنا ہے تاکہ زائر کا ذہن، دل اور روح معنوی فیوضات اور حبیب و ولی خدا کے مقدس آستان کی موجودگی کو سمجھنے کے لیے تیار ہو جائے۔ جیسا کہ خداوند سبحان نے قرآن مجید میں تمام مؤمنین کو صبر اور نماز کی مدد لینے کا حکم دیا ہے:
"يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا اسْتَعِينُوا بِالصَّبْرِ وَالصَّلَاةِ، إِنَّ اللَّهَ مَعَ الصَّابِرِينَ”
اے ایمان والو! صبر اور نماز کے ذریعے مدد لو، بے شک اللہ صبر کرنے والوں کے ساتھ ہے۔
▪ امام صادق علیہ السلام سے روایت ہے کہ انہوں نے فرمایا:
"في قول الله عزوجل و استعينوا بالصبر والصلاة قال: الصبر الصوم”
یعنی خداوند کے فرمان "استعانت کرو صبر اور نماز سے” میں صبر سے مراد روزہ ہے۔ بے شک روزہ صبر کی ایک شکل ہے؛ جیسا کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے عبادات میں صبر کو ایک قسم کا صبر بتایا، اور حضرت سیدالشھدا علیہ السلام کی زیارت کو ایک عظیم اور معتبر عبادت شمار فرمایا۔
▪ ائمہ ہدی علیہم السلام نے اس بنیاد پر سفارش فرمائی کہ زائر کو چاہیے کہ سفر شروع کرنے سے تین دن پہلے روزہ رکھے۔ جیسا کہ ابوبصیر امام صادق علیہ السلام سے روایت کرتے ہیں کہ حضرت نے فرمایا:
"إذا أردت الخروج إلى أبي عبد الله فصم قبل أن تخرج ثلاثة أيام”
یعنی جب آپ حضرت ابی عبداللہ علیہ السلام کی زیارت کے لیے نکلنے کا ارادہ کریں تو نکلنے سے تین دن پہلے روزے رکھیں۔ اس روایت میں بدھ، جمعرات اور جمعہ کے روزے رکھنے کی سفارش کی گئی ہے اور ہفتے کے دن مذکورہ آداب کے ساتھ سفر کا آغاز کیا جائے۔
📚 ماخذ: مدیریت معنوی سفر اربعین،مؤلف: حمید احمدی، صفحہ 23