سیرتسیرت امیر المومنین علی ابن ابی طالبؑ

امام علی علیہ السلام کا بے مثال وصیت نامہ

وَ مِنْ وَّصِیَّۃٍ لَهٗ عَلَیْهِ السَّلَامُ لِلْحَسَنِ بْنِ عَلِیٍّ عَلَيْهِمَا السَّلَامُ، كَتَبَهَا اِلَیْهِ بِحَاضِرِیْنَ مُنْصَرِفًا مِّنْ صِفِّیْنَ:
صفین سے پلٹتے ہوئے جب مقام ’’حاضرین‘‘ میں منزل کی تو امام حسن علیہ السلام کیلئے یہ وصیت نامہ تحریر فرمایا:
مِنَ الْوَالِدِ الْفَانِ، الْمُقِرِّ لِلزَّمَان، الْمُدْبِرِ الْعُمُرِ، الْمُسْتَسْلِمِ لِلدَّهْرِ، الذَّامِ لِلدُّنْیَا، السَّاكِنِ مَسَاكِنَ الْمَوْتٰی، الظَّاعِنِ عَنْهَا غَدًا، اِلَى الْمَوْلُوْدِ الْمُؤَمِّلِ مَا لَا یُدْرَكُ، السَّالِكِ سَبِیْلَ مَنْ قَدْ هَلَكَ، غَرَضِ الْاَسْقَامِ، وَ رَهِیْنَةِ الْاَیَّامِ،وَ رَمِیَّةِ الْمَصَآئِبِ، وَ عَبْدِ الدُّنْیَا، وَ تَاجِرِ الْغُرُوْرِ، وَ غَرِیْمِ الْمَنَایَا، وَ اَسِیْرِ الْمَوْتِ، وَ حَلِیْفِ الْهُمُوْمِ، وَ قَرِیْنِ الْاَحْزَانِ، وَ نُصُبِ الْاٰفَاتِ، وَ صَرِیْعِ الشَّهَوَاتِ، وَ خَلِیْفَةِ الْاَمْوَاتِ.
یہ وصیت ہے اس باپ کی جو فنا ہونے والا اور زمانہ (کی چیرہ دستیوں) کا اقرار کرنے والا ہے، جس کی عمر پیٹھ پھرائے ہوئے ہے اور جو زمانہ (کی سختیوں) سے لاچار ہے اور دنیا کی برائیوں کو محسوس کر چکا ہے اور مرنے والوں کے گھروں میں مقیم اور کل کو یہاں سے رخت سفر باندھ لینے والا ہے، اس بیٹے کے نام جو نہ ملنے والی بات کا آرزو مند، جادۂ عدم کا راہ سپار، بیماریوں کا ہدف، زمانہ کے ہاتھ گروی، مصیبتوں کا نشانہ ،دنیا کا پابند اور اس کی فریب کاریوں کا تاجر، موت کا قرض دار، اَجل کا قیدی، غموں کا حلیف، حزن و ملال کا ساتھی، آفتوں میں مبتلا، نفس سے عاجز اور مرنے والوں کا جانشین ہے۔
اَمَّا بَعْدُ! فَاِنَّ فِیْمَا تَبَیَّنْتُ مِنْ اِدْبَارِ الدُّنْیَا عَنِّیْ، وَ جُمُوْحِ الدَّهْرِ عَلَیَّ، وَ اِقْبَالِ الْاٰخِرَةِ اِلَیَّ، مَا یَزَعُنِیْ عَنْ ذِكْرِ مَنْ سِوَایَ، وَ الْاِهْتِمَامِ بِمَا وَرَآئِیْ، غَیْرَ اَنِّیْ حَیْثُ تَفَرَّدَ بِیْ دُوْنَ هُمُوْمِ النَّاسِ هَمُّ نَفْسِیْ، فَصَدَفَنِیْ رَاْیِیْ، وَ صَرَفَنِیْ عَنْ هَوَایَ، وَ صَرَّحَ لِیْ مَحْضُ اَمْرِیْ، فَاَفْضٰى بِیْۤ اِلٰى جِدٍّ لَّا یَكُوْنُ فِیْهِ لَعِبٌ، وَ صِدْقٍ لَّا یَشُوْبُهٗ كَذِبٌ،
اما بعد! تمہیں معلوم ہونا چاہیے کہ میں نے دنیا کی رو گردانی، زمانہ کی منہ زوری اور آخرت کی پیش قدمی سے جو حقیقت پہچانی ہے، وہ اس امر کیلئے کافی ہے کہ مجھے دوسرے تذکروں اور اپنی فکر کے علاوہ دوسری کوئی فکر نہ ہو، مگر اسی وقت جبکہ دوسروں کے فکر و اندیشہ کو چھوڑ کر میں اپنی ہی دھن میں کھویا ہوا تھا اور میری عقل و بصیرت نے مجھے خواہشوں سے منحرف و روگردان کر دیا اور میرا معاملہ کھل کر میرے سامنے آ گیا اور مجھے واقعی حقیقت اور بے لاگ صداقت تک پہنچا دیا۔
وَ وَجَدْتُّكَ بَعْضِیْ، بَلْ وَجَدْتُّكَ كُلِّیْ، حَتّٰى كَاَنَّ شَیْئًا لَّوْ اَصَابَكَ اَصَابَنِیْ، وَ كَاَنَّ الْمَوْتَ لَوْ اَتَاكَ اَتَانِیْ، فَعَنَانِیْ مِنْ اَمْرِكَ مَا یَعْنِیْنِیْ مِنْ اَمْرِ نَفْسِیْ، فَكَتَبْتُ اِلَیْكَ كِتَابِیْ هٰذَا مُسْتظْهِرًۢا بِهٖ، اِنْ اَنَا بَقِیْتُ لَكَ اَوْ فَنِیْتُ.
میں نے دیکھا کہ تم میرا ہی ایک ٹکڑا ہو، بلکہ جو میں ہوں وہی تم ہو، یہاں تک کہ اگر تم پر کوئی آفت آئے تو گویا مجھ پر آئی ہے اور تمہیں موت آئے تو گویا مجھے آئی ہے، اس سے مجھے تمہارا اتنا ہی خیال ہوا جتنا اپنا ہو سکتا ہے، لہٰذا میں نے یہ وصیت نامہ تمہاری راہنمائی میں اسے معین سمجھتے ہوئے تحریر کیا ہے، خواہ اس کے بعد میں زندہ رہوں یا دنیا سے اُٹھ جاؤں۔
فَاِنِّیْۤ اُوْصِیْكَ بِتَقْوَى اللهِ ـ اَیْ بُنیَّ ـ وَ لُزُوْمِ اَمْرِهٖ، وَ عِمَارَةِ قَلْبِكَ بِذِكْرِهٖ، وَ الِاعْتِصَامِ بِحَبْلِهٖ، وَ اَیُّ سَبَبٍ اَوْثَقُ مِنْ سَبَبٍۭ بَیْنَكَ وَ بَیْنَ اللهِ اِنْ اَنْتَ اَخَذْتَ بِهٖ!.
میں تمہیں وصیت کرتا ہوں کہ اللہ سے ڈرتے رہنا، اس کے احکام کی پابندی کرنا، اس کے ذکر سے قلب کو آباد رکھنا اور اسی کی رسی کو مضبوطی سے تھامے رہنا، تمہارے اور اللہ کے درمیان جو رشتہ ہے اس سے زیادہ مضبوط رشتہ ہو بھی کیا سکتا ہے؟ بشرطیکہ مضبوطی سے اسے تھامے رہو۔
اَحْیِ قَلْبَكَ بِالْمَوْعِظَةِ، وَ اَمِتْهُ بِالزَّهَادَةِ، وَ قَوِّهِ بِالْیَقِیْنِ، وَ نَوِّرْهُ بِالْحِكْمَةِ، وَذَلّـِلْهُ بِذِكْرِ الْمَوْتِ، وَ قَرِّرْهُ بِالْفَنَآءِ، وَ بَصِّرْهُ فَجَآئِعَ الدُّنْیَا، وَ حَذِّرْهُ صَوْلَةَ الدَّهْرِ وَ فُحْشَ تَقَلُّبِ اللَّیَالِیْ وَ الْاَیَّامِ، وَ اعْرِضْ عَلَیْهِ اَخْبَارَ الْمَاضِیْنَ، وَ ذَكِّرْهُ بِمَاۤ اَصَابَ مَنْ كَانَ قَبْلَكَ مِنَ الْاَوَّلِیْنَ، وَ سِرْ فِیْ دِیَارِهِمْ وَ اٰثَارِهِمْ، فَانْظُرْفِیْمَا فَعَلُوْا وَ عَمَّا انْتَقَلُوْا، وَ اَیْنَ حَلُّوْا وَ نَزَلُوْا! فَاِنَّكَ تَجِدُهُمْ قَدِ انْتَقَلُوْا عَنِ الْاَحِبَّةِ، وَ حَلُّوْا دِیَارَ الْغُرْبَةِ، وَ كَاَنَّكَ عَنْ قَلِیْلٍ قَدْ صِرْتَ كَاَحَدِهِمْ.
وعظ و پند سے دل کو زندہ رکھنا اور زُہد سے اس کی خواہشوں کو مُردہ، یقین سے اُسے سہارا دینا اور حکمت سے اسے پُر نور بنانا، موت کی یاد سے اُسے قابو میں کرنا، فنا کے اقرار پر اُسے ٹھہرانا، دنیا کے حادثے اس کے سامنے لانا، گردش روزگار سے اسے ڈرانا، گزرے ہوؤں کے واقعات اس کے سامنے رکھنا، تمہارے پہلے والے لوگوں پر جو بیتی ہے اُسے یاد دلانا، ان کے گھروں اور کھنڈروں میں چلنا پھرنا اور دیکھنا کہ انہوں نے کیا کچھ کیا، کہاں سے کوچ کیا، کہاں اترے اور کہاں ٹھہرے ہیں؟ دیکھو گے تو تمہیں صاف نظر آئے گا کہ وہ دوستوں سے منہ موڑ کر چل دئیے ہیں اور پردیس کے گھر میں جا کر اترے ہیں اور وہ وقت دور نہیں کہ تمہارا شمار بھی ان میں ہونے لگے۔
فَاَصْلِحْ مَثْوَاكَ، وَ لَا تَبِـعْ اٰخِرَتَكَ بِدُنْیَاكَ، وَ دَعِ الْقَوْلَ فِیْمَا لَا تَعْرِفُ، وَ الْخِطَابَ فِیْمَا لَمْ تُكَلَّفْ، وَ اَمْسِكْ عَنْ طَرِیْقٍ اِذَا خِفْتَ ضَلَالَتَهٗ، فَاِنَّ الْكَفَّ عِنْدَ حَیْرَةِ الضَّلَالِ خَیْرٌ مِّنْ رُّكُوْبِ الْاَهْوَالِ.
لہٰذا اپنی اصل منزل کا انتظام کرو اور اپنی آخرت کا دنیا سے سودا نہ کرو، جو چیز جانتے نہیں ہو اس کے متعلق بات نہ کرو اور جس چیز کا تم سے تعلق نہیں ہے اس کے بارے میں زبان نہ ہلاؤ، جس راہ میں بھٹک جانے کا اندیشہ ہو اس راہ میں قدم نہ اٹھاؤ، کیونکہ بھٹکنے کی سرگردانیاں دیکھ کر قدم روک لینا خطرات مول لینے سے بہتر ہے۔
وَ اْمُرْ بِالْمَعْرُوْفِ تَكُنْ مِّنْ اَهْلِهٖ، وَ اَنْكِرِ الْمُنكَرَ بِیَدِكَ وَ لِسَانِكَ، وَ بَایِنْ مَنْ فَعَلَهٗ بِجُهْدِكَ، وَ جَاهِدْ فِی اللهِ حَقَّ جِهَادِهٖ، وَ لَا تَاْخُذْكَ فِی اللهِ لَوْمَةُ لَآئِمٍ، وَ خُضِ الْغَمَرَاتِ لِلْحَقِّ حَیْثُ كَانَ، وَ تَفَقَّهْ فِی الدِّیْنِ، وَ عَوِّدْ نَفْسَكَ التَّصَبُّرَ عَلَى الْمَكْرُوْهِ، وَ نِعْمَ الْخُلُقُ التَّصَبُّرُ فِی الْحَقِّ، وَ اَلْجِئْ نَفْسَكَ فِی الْاُمُوْرِ كُلِّهَا اِلٰۤى اِلٰهِكَ، فَاِنَّكَ تُلْجِئُهَا اِلٰى كَهْفٍ حَرِیْزٍ، وَ مَانِعٍ عَزِیْزٍ، وَ اَخْلِصْ فِی الْمَسْئَلَةِ لِرَبِّكَ، فَاِنَّ بِیَدِهِ الْعَطَآءَ وَ الْحِرْمَانَ، وَ اَكْثِرِ الْاِسْتِخَارَةَ.
نیکی کی تلقین کرو تاکہ خود بھی اہل خیر میں محسوب ہو، ہاتھ اور زبان کے ذریعہ برائی کو روکتے رہو، جہاں تک ہو سکے بُروں سے الگ رہو، خدا کی راہ میں جہاد کا حق ادا کرو اور اس کے بارے میں کسی ملامت کرنے والے کی ملامت کا اثر نہ لو، حق جہاں ہو سختیوں میں پھاند کر اس تک پہنچ جاؤ، دین میں سُوجھ بوجھ پیدا کرو، سختیوں کو جھیل لے جانے کے خوگر بنو، حق کی راہ میں صبر و شکیبائی بہترین سیرت ہے، ہر معاملہ میں اپنے کو اللہ کے حوالے کر دو، کیونکہ ایسا کرنے سے تم اپنے کو ایک مضبوط پناہ گاہ اور قوی محافظ کے سپرد کر دو گے۔ صرف اپنے پروردگار سے سوال کرو، کیونکہ دینا اور نہ دینا بس اسی کے اختیار میں ہے، زیادہ سے زیادہ اپنے اللہ سے بھلائی کے طالب ہو۔
وَ تَفَهَّمْ وَصِیَّتِیْ، وَ لَا تَذْهَبَنَّ عَنْہَا صَفْحًا، فَاِنَّ خَیْرَ الْقَوْلِ مَا نَفَعَ، وَ اعْلَمْ اَنَّهٗ لَا خَیْرَ فِیْ عِلْمٍ لَّا یَنْفَعُ، وَ لَا یُنْتَفَعُ بِعِلْمٍ لَّا یَحِقُّ تَعَلُّمُهٗ.
میری وصیت کو سمجھو اور اس سے روگردانی نہ کرو۔ اچھی بات وہی ہے جو فائدہ دے اور اس علم میں کوئی بھلائی نہیں جو فائدہ رساں نہ ہو اور جس علم کا سیکھنا سزا وار نہ ہو اس سے کوئی فائدہ بھی نہیں اٹھایا جا سکتا۔
اَیْ بُنَیَّ! اِنِّیْ لَمَّا رَاَیْتُنِیْ قَدْ بَلَغْتُ سِنًّا، وَ رَاَیْتُنِیْ اَزْدَادُ وَهْنًا، بَادَرْتُ بِوَصِیَّتِیْۤ اِلَیْكَ، وَ اَوْرَدْتُّ خِصَالًا مِّنْهَا قَبْلَ اَنْ یَّعْجَلَ بِیْۤ اَجَلِیْ دُوْنَ اَنْ اُفْضِیَ اِلَیْكَ بِمَا فِیْ نَفْسِیْ، اَوْ اَنْ اَنْقُصَ فِیْ رَاْیِیْ كَمَا نُقِصْتُ فِیْ جِسْمِیْ، اَوْ یَسْبِقَنِیْۤ اِلَیْكَ بَعْضُ غَلَبَاتِ الْهَوٰى وَ فِتَنِ الدُّنْیَا، فَتَكُوْنَ كَالصَّعْبِ النَّفُوْرِ، وَ اِنَّمَا قَلْبُ الْحَدَثِ كَالْاَرْضِ الْخَالِیَةِ، مَاۤ اُلْقِیَ فِیْهَا مِنْ شَیْءٍ قَبِلَتْهٗ، فَبَادَرْتُكَ بِالْاَدَبِ قَبْلَ اَنْ یَّقْسُوَ قَلْبُكَ، وَ یَشْتَغِلَ لُبُّكَ، لِتَسْتَقْبِلَ بِجِدِّ رَاْیِكَ مِنَ الْاَمْرِ مَا قَدْ كَفَاكَ اَهْلُ التَّجَارِبِ بُغْیَتَهٗ وَ تَجْرِبَتَهٗ، فَتَكُوْنَ قَدْ كُفِیْتَ مَؤٗنَةَ الطَّلَبِ، وَ عُوْفِیْتَ مِنْ عِلَاجِ التَّجْرِبَةِ، فَاَتَاكَ مِنْ ذٰلِكَ مَا قَدْ كُنَّا نَاْتِیْهِ، وَ اسْتَبَانَ لَكَ مَا رُبَّمَاۤ اَظْلَمَ عَلَیْنَا مِنْهُ.
اے فرزند! جب میں نے دیکھا کہ کافی عمر تک پہنچ چکا ہوں اور دن بدن ضعف بڑھتا جا رہا ہے تو میں نے وصیت کرنے میں جلدی کی اور اس میں کچھ اہم مضامین درج کئے کہ کہیں ایسا نہ ہو کہ موت میری طرف سبقت کر جائے اور دل کی بات دل ہی میں رہ جائے یا بدن کی طرح عقل و رائے بھی کمزور پڑ جائے یا وصیت سے پہلے ہی تم پر کچھ خواہشات کا تسلط ہو جائے یا دنیا کے جھمیلے تمہیں گھیر لیں کہ تم بھڑک اٹھنے والے مُنہ زور اونٹ کی طرح ہو جاؤ، کیونکہ کمسن کا دل اس خالی زمین کی مانند ہوتا ہے، جس میں جو بیج ڈالا جاتا ہے اسے قبول کر لیتی ہے، لہٰذا قبل اس کے کہ تمہارا دل سخت ہو جائے اور تمہارا ذہن دوسری باتوں میں لگ جائے میں نے تعلیم دینے کیلئے قدم اٹھایا، تاکہ تم عقل سلیم کے ذریعہ ان چیزوں کے قبول کرنے کیلئے آمادہ ہو جاؤ کہ جن کی آزمائش اور تجربہ کی زحمت سے تجربہ کاروں نے تمہیں بچا لیا ہے، اس طرح تم تلاش کی زحمت سے مستغنی اور تجربہ کی کلفتوں سے آسودہ ہو جاؤ گے اور تجربہ و علم کی وہ باتیں (بے تعب و مشقت) تم تک پہنچ رہی ہیں کہ جن پر ہم مطلع ہوئے اور پھر وہ چیزیں بھی اجاگر ہو کر تمہارے سامنے آ رہی ہیں کہ جن میں سے کچھ ممکن ہے ہماری نظروں سے اوجھل ہو گئی ہوں۔
اَیْ بُنَیَّ! اِنِّیْ وَ اِنْ لَّمْ اَكُنْ عُمِّرْتُ عُمُرَ مَنْ كَانَ قَبْلِیْ، فَقَدْ نَظَرْتُ فِیْۤ اَعْمَالِهِمْ، وَ فَكَّرْتُ فِیْۤ اَخْبَارِهِمْ، وَ سِرْتُ فِیْۤ اٰثَارِهِمْ، حَتّٰى عُدْتُّ كَاَحَدِهِمْ، بَلْ كَاَنِّیْ بِمَا انْتَهٰى اِلَیَّ مِنْ اُمُوْرِهِمْ قَدْ عُمِّرْتُ مَعَ اَوَّلِهِمْ اِلٰۤى اٰخِرِهِمْ، فَعَرَفْتُ صَفْوَ ذٰلِكَ مِنْ كَدَرِهٖ، وَ نَفْعَهٗ مِنْ ضَرَرِهٖ، فَاسْتَخْلَصْتُ لَكَ مِنْ كُلِّ اَمْرٍ نَّخِیْلَهٗ، تَوَخَّیْتُ لَكَ جَمِیْلَهٗ، وَ صَرَفْتُ عَنْكَ مَجْهُوْلَهٗ،وَ رَاَیْتُ حَیْثُ عَنَانِیْ مِنْ اَمْرِكَ مَا یَعْنِی الْوَالِدَ الشَّفِیْقَ، وَ اَجْمَعْتُ عَلَیْهِ مِنْ اَدَبِكَ اَنْ یَّكُوْنَ ذٰلِكَ وَ اَنْتَ مُقْبِلُ الْعُمُرِ، وَ مُقْتَبِلُ الدَّهْرِ، ذُوْ نِیَّةٍ سَلِیْمَةٍ، وَ نَفْسٍ صَافِیَةٍ،
اے فرزند! اگرچہ میں نے اتنی عمر نہیں پائی جتنی اگلے لوگوں کی ہوا کرتی تھیں، پھر بھی میں نے ان کی کار گزاریوں کو دیکھا، ان کے حالات و واقعات میں غور کیا اور ان کے چھوڑے ہوئے نشانات میں سیر و سیاحت کی، یہاں تک کہ گویا میں بھی انہی میں کا ایک ہو چکا ہوں، بلکہ ان سب کے حالات و معلومات جو مجھ تک پہنچ گئے ہیں ان کی وجہ سے ایسا ہے کہ گویا میں نے ان کے اوّل سے لے کر آخر تک کے ساتھ زندگی گزاری ہے، چنانچہ میں نے صاف کو گدلے اور نفع کو نقصان سے الگ کر کے پہچان لیا ہے اور اب سب کا نچوڑ تمہارے لئے مخصوص کر رہا ہوں۔ اور میں نے خوبیوں کو چُن چُن کر تمہارے لئے سمیٹ دیا ہے اور بے معنی چیزوں کو تم سے جدا رکھا ہے اور چونکہ مجھے تمہاری ہر بات کا اتنا ہی خیال ہے جتنا ایک شفیق باپ کو ہونا چاہیے اور تمہاری اخلاقی تربیت بھی پیشِ نظر ہے، لہٰذا مناسب سمجھا ہے کہ یہ تعلیم و تربیت اس حالت میں ہو کہ تم نو عمر اور بساط دہر پر تازہ وارد ہو اور تمہاری نیت کھری اور نفس پاکیزہ ہے۔
وَ اَنْ اَبْتَدِئَكَ بِتَعْلِیْمِ كِتَابِ اللهِ وَ تَاْوِیْلِهٖ، وَ شَرَآئِعِ الْاِسْلَامِ وَ اَحْكَامِهٖ، وَ حَلَالِهٖ وَ حَرَامِهٖ، لَاۤ اُجَاوِزُ ذٰلِكَ بِكَ اِلٰى غَیْرِهٖ، ثُمَّ اَشْفَقْتُ اَنْ یَّلْتَبِسَ عَلَیْكَ مَا اخْتَلَفَ النَّاسُ فِیْهِ مِنْ اَهْوَآئِهِمْ وَ اٰرَآئِهِمْ مِثْلَ الَّذِی الْتَبَسَ عَلَیْهِمْ، فَكَانَ اِحْكَامُ ذٰلِكَ عَلٰى مَا كَرِهْتُ مِنْ تَنْۢبِیْهِكَ لَهٗۤ اَحَبَّ اِلَیَّ مِنْ اِسْلَامِكَ اِلٰۤى اَمْرٍ لَّا اٰمَنُ عَلَیْكَ بِهِ الْهَلَكَةَ، وَ رَجَوْتُ اَنْ یُّوَفِّقَكَ اللهُ فِیْهِ لِرُشْدِكَ، وَ اَنْ یَّهْدِیَكَ لِقَصْدِكَ، فَعَهِدْتُّ اِلَیْكَ وَصِیَّتِیْ هٰذِهٖ:
اور میں نے چاہا تھا کہ پہلے کتابِ خدا، احکام شرع اور حلال و حرام کی تعلیم دوں اور اس کے علاوہ دوسری چیزوں کا رخ نہ کروں، لیکن یہ اندیشہ پیدا ہوا کہ کہیں وُہ چیزیں جن میں لوگوں کے عقائد اور مذہبی خیالات میں اختلاف ہے تم پر اسی طرح مشتبہ نہ ہو جائیں جیسے ان پر مشتبہ ہو گئی ہیں، باوجودیکہ ان غلط عقائد کا تذکرہ تم سے مجھے ناپسند تھا، مگر اس پہلو کو مضبوط کر دینا تمہارے لئے مجھے بہتر معلوم ہوا، اس سے کہ تمہیں ایسی صورت حال کے سپرد کر دوں جس میں مجھے تمہارے لئے ہلاکت و تباہی کا خطرہ ہے اور میں اُمید کرتا ہوں کہ اللہ تمہیں ہدایت کی توفیق دے گا اور صحیح راستے کی راہنمائی کرے گا، ان وجوہ سے تمہیں یہ وصیت نامہ لکھتا ہوں:
وَ اعْلَمْ یَا بُنَیَّ! اَنَّ اَحَبَّ مَاۤ اَنْتَ اٰخِذٌۢ بِهٖۤ اِلَیَّ مِنْ وَصِیَّتِیْ تَقْوَى اللهِ، وَ الْاِقْتِصَارُ عَلٰى مَا فَرَضَهُ اللهُ عَلَیْكَ، وَ الْاَخْذُ بِمَا مَضٰى عَلَیْهِ الْاَوَّلُوْنَ مِنْ اٰبَآئِكَ، وَ الصَّالِحُوْنَ مِنْ اَهْلِ بَیْتِكَ، فَاِنَّهُمْ لَمْ یَدَعُوْا٤ اَنْ نَّظَرُوْا لِاَنْفُسِهِمْ كَمَاۤ اَنْتَ نَاظِرٌ، وَ فَكَّرُوْا كَمَاۤ اَنْتَ مُفَكِّرٌ، ثُمَّ رَدَّهُمْ اٰخِرُ ذٰلِكَ اِلَى الْاَخْذِ بِمَا عَرَفُوْا، وَ الْاِمْسَاكِ عَمَّا لَمْ یُكَلَّفُوْا، فَاِنْ اَبَتْ نَفْسُكَ اَنْ تَقْبَلَ ذٰلِكَ دُوْنَ اَنْ تَعْلَمَ كَمَا عَلِمُوْا فَلْیَكُنْ طَلَبُكَ ذٰلِكَ بِتَفَهُّمٍ وَّ تَعَلُّمٍ، لَا بِتَوَرُّطِ الشُّبُهَاتِ، وَ عُلَقِ الْخُصُوْمَاتِ.
بیٹا یاد رکھو کہ میری اس وصیت سے جن چیزوں کی تمہیں پابندی کرنا ہے ان میں سب سے زیادہ میری نظر میں جس چیز کی اہمیت ہے وہ اللہ کا تقویٰ ہے اور یہ کہ جو فرائض اللہ کی طرف سے تم پر عائد ہیں ان پر اکتفا کرو اور جس راہ پر تمہارے آبا و اجداد اور تمہارے گھرانے کے افراد چلتے رہے ہیں اسی پر چلتے رہو، کیونکہ جس طرح تم اپنے لئے نظر و فکر کر سکتے ہو انہوں نے اس نظر و فکر میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی تھی، مگر انتہائی غور و فکر نے بھی ان کو اسی نتیجہ تک پہنچایا کہ جو انہیں اپنے فرائض معلوم ہوں ان پر اکتفا کریں اور غیر متعلق چیزوں سے قدم روک لیں، لیکن اگر تمہارا نفس اس کیلئے تیار نہ ہو کہ بغیر ذاتی تحقیق سے علم حاصل کئے ہوئے جس طرح انہوں نے حاصل کیا تھا، ان باتوں کو قبول کرے تو بہرحال یہ لازم ہے کہ تمہارے طلب کا انداز سیکھنے اور سمجھنے کا ہو، نہ شبہات میں پھاند پڑنے اور بحث و نزاع میں اُلجھنے کا۔
وَ ابْدَاْ قَبْلَ نَظَرِكَ فِیْ ذٰلِكَ بِالْاِسْتِعَانَةِ بِاِلٰهِكَ، وَ الرَّغْبَةِ اِلَیْهِ فِیْ تَوْفِیْقِكَ، وَ تَرْكِ كُلِّ شَآئِبَةٍ اَوْلَجَتْكَ فِیْ شُبْهَةٍ، اَوْ اَسْلَمَتْكَ اِلٰى ضَلَالَةٍ، فَاِذَاۤ اَیْقَنْتَ اَنْ قَدْ صَفَا قَلْبُكَ فَخَشَعَ، وَ تَمَّ رَاْیُكَ فَاجْتَمَعَ، وَ كَانَ هَمُّكَ فِیْ ذٰلِكَ هَمًّا وَّاحِدًا، فَانْظُرْ فِیْمَا فَسَّرْتُ لَكَ، وَ اِنْ اَنْتَ لَمْ یَجْتَمِـعْ لَكَ مَا تُحِبُّ مِنْ نَّفْسِكَ، وَ فَرَاغِ نَظَرِكَ وَ فِكْرِكَ، فَاعْلَمْ اَنَّكَ اِنَّمَا تَخْبِطُ الْعَشْوَآءَ، وَ تَتَوَرَّطُ الظَّلْمَآءَ، وَ لَیْسَ طَالِبُ الدِّیْنِ مَنْ خَبَطَ اَوْ خَلَـطَ، وَ الْاِمْسَاكُ عَنْ ذٰلِكَ اَمْثَلُ.
اور اس فکر و نظر کو شروع کرنے سے پہلے اللہ سے مدد کے خواستگار ہو، اور اس سے توفیق و تائید کی دُعا کرو اور ہر اس وہم کے شائبہ سے اپنا دامن بچاؤ کہ جو تمہیں شُبہ میں ڈال دے، یا گمراہی میں چھوڑ دے۔ اور جب یہ یقین ہو جائے کہ اب تمہارا دل صاف ہو گیا ہے اور اس میں اثر لینے کی صلاحیت پیدا ہو گئی ہے اور ذہن پورے طور پر یکسوئی کے ساتھ تیار ہے اور تمہارا ذوق و شوق ایک نقطہ پر جم گیا ہے تو پھر ان مسائل پر غور کرو جو میں نے تمہارے سامنے بیان کئے ہیں، لیکن تمہارے حسب ِمنشا دل کی یکسوئی اور نظر و فکر کی آسودگی حاصل نہیں ہوئی ہے تو سمجھ لو کہ تم ابھی اس وادی میں شب کور اونٹنی کی طرح ہاتھ پیر مار رہے ہو اور جو دین (کی حقیقت) کا طلب گار ہو وہ تاریکی میں ہاتھ پاؤں نہیں مارتا اور نہ خلط مبحث کرتا ہے، اس حالت میں اس وادی میں قدم نہ رکھنا بہتر ہے۔
فَتَفَهَّمْ یَا بُنَیَّ وَصِیَّتِیْ، وَ اعْلَمْ اَنَّ مَالِكَ الْمَوْتِ هُوَ مَالِكُ الحَیٰوةِ، وَ اَنَّ الْخَالِقَ هُوَ الْمُمِیْتُ، وَ اَنَّ الْمُفْنِیَ هُوَ الْمُعِیْدُ، وَ اَنَّ الْمُبْتَلِیَ هُوَ الْمُعَافِیْ، وَ اَنَّ الدُّنْیَا لَمْ تَكُنْ لِتَسْتَقِرَّ اِلَّا عَلٰى مَا جَعَلَهَا اللهُ عَلَیْهِ مِنَ النَّعْمَآءِ، وَ الِابْتِلَآءِ، وَ الْجَزَآءِ فِی الْمَعَادِ، اَوْ مَا شَآءَ مِمَّا لَا نَعْلَمُ، فَاِنْ اَشْكَلَ عَلَیْكَ شَیْءٌ مِّنْ ذٰلِكَ فَاحْمِلْهُ عَلٰى جَهَالَتِكَ بِهٖ، فَاِنَّكَ اَوَّلُ مَا خُلِقْتَ خُلِقْتَ جَاهِلًا ثُمَّ عَلِمْتَ، وَ مَاۤ اَكْثَرَ مَا تَجْهَلُ مِنَ الْاَمْرِ وَ یَتَحَیَّرُ فِیْهِ رَاْیُكَ، وَ یَضِلُّ فِیْهِ بَصَرُكَ، ثُمَّ تُبْصِرُهٗ بَعْدَ ذٰلِكَ، فَاعْتَصِمْ بِالَّذِیْ خَلَقَكَ وَ رَزَقَكَ وَ سَوَّاكَ، وَ لْیَكُنْ لَّهٗ تَعَبُّدُكَ، وَ اِلَیْهِ رَغْبَتُكَ، وَ مِنْهُ شَفَقَتُكَ.
اب اے فرزند! میری وصیت کو سمجھو اور یہ یقین رکھو کہ جس کے ہاتھ میں موت ہے اسی کے ہاتھ میں زندگی بھی ہے اور جو پیدا کرنے والا ہے وہی مارنے والا بھی ہے اور جو نیست و نابود کرنے والا ہے وہی دوبارہ پلٹانے والا بھی ہے اور جو بیمار کر ڈالنے والا ہے وہ ہی صحت عطا کرنے والا بھی ہے اور بہرحال دنیا کا نظام وہی رہے گا جو اللہ نے اس کیلئے مقرر کر دیا ہے، نعمتوں کا دینا، ابتلا و آزمائش میں ڈالنا اور آخرت میں جزا دینا یا وہ کہ جو اس کی مشیت میں گزر چکا ہے اور ہم اُسے نہیں جانتے تو جو چیز اس میں تمہاری سمجھ میں نہ آئے، تو اسے اپنی لاعلمی پر محمول کرو، کیونکہ جب تم پہلے پہل پیدا ہوئے تھے، تو کچھ نہ جانتے تھے بعد میں تمہیں سکھایا گیا اور ابھی کتنی ہی ایسی چیزیں ہیں کہ جن سے تم بے خبر ہو کہ ان میں پہلے تمہارا ذہن پریشان ہوتا ہے اور نظر بھٹکتی ہے اور پھر انہیں جان لیتے ہو، لہٰذا اُسی کا دامن تھامو، جس نے تمہیں پیدا کیا اور رزق دیا اور ٹھیک ٹھاک بنایا، اُسی کی بس پرستش کرو، اسی کی طلب ہو، اسی کا ڈر ہو۔
وَ اعْلَمْ یَا بُنَیَّ! اَنَّ اَحَدًا لَّمْ یُنْۢبِئْ عَنِ اللهِ كَمَاۤ اَنْۢبَاَ عَنْهُ الرَّسُوْلُ ﷺ، فَارْضَ بِهٖ رَآئِدًا، وَ اِلَى النَّجَاةِ قَآئِدًَا، فَاِنِّیْ لَمْ اٰلُكَ نَصِیْحَةً، وَ اِنَّكَ لَنْ تَبْلُغَ فِی النَّظَرِ لِنَفْسِكَ ـ وَ اِنِ اجْتَهَدْتَّ ـ مَبْلَغَ نَظَرِیْ لَكَ.
اے فرزند! تمہیں معلوم ہونا چاہیے کہ کسی ایک نے بھی اللہ سبحانہ کی تعلیمات کو ایسا پیش نہیں کیا جیسا رسول اللہ ﷺ نے، لہٰذا ان کو بطیب خاطر اپنا پیشوا اور نجات کا رہبر مانو، میں نے تمہیں نصیحت کرنے میں کوئی کمی نہیں کی اور تم کوشش کے باوجود اپنے سود و بہبود پر اس حد تک نظر نہیں کر سکتے جس تک میں تمہارے لئے سوچ سکتا ہوں۔
وَ اعْلَمْ یَا بُنَیَّ! اَنَّهٗ لَوْ كَانَ لِرَبِّكَ شَرِیْكٌ لَّاَتَتْكَ رُسُلُهٗ، وَ لَرَاَیْتَ اٰثَارَ مُلْكِهٖ وَ سُلْطَانِهٖ، وَ لَعَرَفْتَ اَفْعَالَهٗ وَ صِفَاتِهٖ، وَ لٰكِنَّهٗۤ اِلٰهٌ وَّاحِدٌ كَمَا وَصَفَ نَفْسَهٗ، لَا یُضَادُّهٗ فِیْ مُلْكِهٖۤ اَحَدٌ، وَ لَا یَزُوْلُ اَبَدًا وَّ لَمْ یَزَلْ، اَوَّلٌ قَبْلَ الْاَشْیَآءِ بِلَا اَوَّلِیَّةٍ، وَ اٰخِرٌۢ بَعْدَ الْاَشْیَآءِ بِلَا نِهَایَةٍ، عَظُمَ عَنْ اَنْ تَثْبُتَ رُبُوْبِیَّتُهٗ بِاِحَاطَةِ قَلْبٍ اَوْ بَصَرٍ.
اے فرزند! یقین کرو کہ اگر تمہارے پروردگار کا کوئی شریک ہوتا تو اس کے بھی رسول آتے اور اس کی سلطنت و فرمانروائی کے بھی آثار دکھائی دیتے اور اس کے افعال و صفات بھی کچھ معلوم ہوتے، مگر وہ ایک اکیلا خدا ہے، جیسا کہ اس نے خود بیان کیا ہے، اس کے ملک میں کوئی اس سے ٹکر نہیں لے سکتا، وہ ہمیشہ سے ہے اور ہمیشہ رہے گا، وہ بغیر کسی نکتہ آغاز کے تمام چیزوں سے پہلے ہے اور بغیر کسی انتہائی حد کے سب چیزوں کے بعد ہے، وہ اس سے بلند و بالا ہے کہ اس کی ربوبیت کا اثبات قلب یا نگاہ کے گھیرے میں آ جانے سے وابستہ ہو۔
فَاِذَا عَرَفْتَ ذٰلِكَ فَافْعَلْ كَمَا یَنْۢبَغِیْ لِـمِثْلِكَ اَنْ یَّفْعَلَهٗ فِیْ صِغَرِ خَطَرِهٖ٥، وَ قِلَّةِ مَقْدِرَتِهٖ، وَ كَثْرَةِ عَجْزِهٖ، وَ عَظِیْمِ حَاجَتِهٖ اِلٰى رَبِّهٖ فِیْ طَلَبِ طَاعَتِهٖ، وَ الرَّهْبَةِ مِنْ عُقُوْبَتِهٖ، وَ الشَّفَقَةِ مِنْ سُخْطِهٖ، فَاِنَّهٗ لَمْ یَاْمُرْكَ اِلَّا بِحَسَنٍ، وَ لَمْ یَنْهَكَ اِلَّا عَنْ قَبِیْحٍ.
جب تم یہ جان چکے تو پھر عمل کرو ویسا جو تم ایسی مخلوق کو اپنی پست منزلت، کم مقدرت اور بڑھی ہوئی عاجزی اور اس کی اطاعت کی جستجو اور اس کی سزا کے خوف اور اس کی ناراضگی کے اندیشہ کے ساتھ اپنے پروردگار کی طرف بہت بڑی احتیاج کے ہوتے ہوئے کرنا چاہیے، اس نے تمہیں انہی چیزوں کا حکم دیا ہے جو اچھی ہیں اور انہی چیزوں سے منع کیا ہے جو بری ہیں۔
یَا بُنَیَّ! اِنِّیْ قَدْ اَنْۢبَاْتُكَ عَنِ الدُّنْیَا وَ حَالِهَا، وَ زَوَالِهَا وَ انْتِقَالِهَا، وَ اَنْۢبَاْتُكَ عَنِ الْاٰخِرَةِ وَ مَاۤ اُعِدَّ لِاَهْلِهَا فِیْهَا، وَ ضَرَبْتُ لَكَ فِیْهِمَا الْاَمْثَالَ، لِتَعْتَبِرَ بِهَا، وَ تَحْذُوَ عَلَیْهَا.
اے فرزند! میں نے تمہیں دنیا اور اس کی حالت اور اس کی بے ثباتی و ناپائیداری سے خبردار کر دیا ہے اور آخرت اور آخرت والوں کیلئے جو سرو سامان عشرت مہیا ہے اس سے بھی آگاہ کر دیا ہے اور ان دونوں کی مثالیں بھی تمہارے سامنے پیش کرتا ہوں تا کہ ان سے عبرت حاصل کرو اور ان کے تقاضے پر عمل کرو۔
اِنَّمَا مَثَلُ مَنْ خَبَرَ الدُّنْیَا كَمَثَلِ قَوْمٍ سَفْرٍ، نَبَا بِهِمْ مَنْزِلٌ جَدِیْبٌ، فَاَمُّوْا مَنْزِلًا خَصِیْبًا وَّ جَنَابًا مَرِیْعًا، فَاحْتَمَلُوْا وَعْثَآءَ الطَّرِیْقِ، وَ فِرَاقَ الصَّدِیْقِ، وَ خُشُوْنَةَ السَّفَرِ، وَ جُشُوْبَةَ الْمَطْعَمِ، لِیَاْتُوْا سَعَةَ دَارِهِمْ، وَ مَنْزِلَ قَرَارِهِمْ، فَلَیْسَ یَجِدُوْنَ لِشَیْءٍ مِّنْ ذٰلِكَ اَلَمًا، وَ لَا یَرَوْنَ نَفَقَةً مَّغْرَمًا، وَ لَا شَیْءَ اَحَبُّ اِلَیْهِمْ مِمَّا قَرَّبَهُمْ مِنْ مَّنْزِلِهِمْ، وَ اَدْنَاهُمْ مِنْ مَّحَلِّهِمْ.
جن لوگوں نے دنیا کو خوب سمجھ لیا ہے ان کی مثال ان مسافروں کی سی ہے جن کا قحط زدہ منزل سے دل اُچاٹ ہوا اور انہوں نے ایک سرسبز و شاداب مقام اور ایک تر و تازہ و پُر بہار جگہ کا رخ کیا تو انہوں نے راستے کی دشواریوں کو جھیلا، دوستوں کی جدائی برداشت کی، سفر کی صعوبتیں گوارا کیں اور کھانے کی بدمزگیوں پر صبر کیا تا کہ اپنی منزل کی پہنائی اور دائمی قرارگاہ تک پہنچ جائیں، اس مقصد کی دھن میں انہیں ان سب چیزوں سے کوئی تکلیف محسوس نہیں ہوتی اور جتنا بھی خرچ ہو جائے اس میں نقصان معلوم نہیں ہوتا، انہیں اب سب سے زیادہ وہی چیز مرغوب ہے جو انہیں منزل کے قریب اور مقصد سے نزدیک کر دے۔
وَ مَثَلُ مَنِ اغْتَرَّ بِهَا كَمَثَلِ قَوْمٍ كَانُوْا بِمَنْزِلٍ خَصِیْبٍ، فَنَبَا بِهِمْ اِلٰى مَنْزِلٍ جَدِیْبٍ، فَلَیْسَ شَیْءٌ اَكْرَهَ اِلَیْهِمْ وَ لَاۤ اَفْظَعَ عِنْدَهُمْ مِنْ مُّفَارَقَةِ مَا كَانُوْا فِیْهِ، اِلٰى مَا یَهْجُمُوْنَ عَلَیْهِ٦ وَ یَصِیْرُوْنَ اِلَیْهِ.
اور اس کے برخلاف ان لوگوں کی مثال جنہوں نے دنیا سے فریب کھایا ان لوگوں کی سی ہے جو ایک شاداب سبزہ زار میں ہوں اور وہاں سے وہ دل برداشتہ ہو جائیں اور اس جگہ کا رخ کر لیں جو خشک سالیوں سے تباہ ہو، ان کے نزدیک سخت ترین حادثہ یہ ہو گا کہ وہ موجودہ حالت کو چھوڑ کر اُدھر جائیں کہ جہاں انہیں اچانک پہنچنا ہے اور بہر صورت وہاں جانا ہے۔
یَا بُنَیَّ! اجْعَلْ نَفْسَكَ مِیْزَانًا فِیْمَا بَیْنَكَ وَ بَیْنَ غَیْرِكَ، فَاَحْبِبْ لِغَیْرِكَ مَا تُحِبُّ لِنَفْسِكَ، وَ اكْرَهْ لَهٗ مَا تَكْرَهُ لَهَا، وَ لَا تَظْلِمْ كَمَا لَا تُحِبُّ اَنْ تُظْلَمَ، وَ اَحْسِنْ كَمَا تُحِبُّ اَنْ یُّحْسَنَ اِلَیْكَ، وَ اسْتَقْبِـحْ مِنْ نَّفْسِكَ مَا تَسْتَقْبِحُ مِنْ غَیْرِكَ، وَ ارْضَ مِنَ النَّاسِ بِمَا تَرْضَاهُ لَهُمْ مِنْ نَّفْسِكَ، وَ لَا تَقُلْ مَا لَا تَعْلَمُ وَ اِنْ قَلَّ مَا تَعْلَمُ، وَ لَا تَقُلْ مَا لَا تُحِبُّ اَنْ یُّقَالَ لَكَ.
اے فرزند! اپنے اور دوسرے کے درمیان ہر معاملہ میں اپنی ذات کو میزان قرار دو، جو اپنے لئے پسند کرتے ہو وہی دوسروں کیلئے پسند کرو اور جو اپنے لئے نہیں چاہتے اُسے دوسروں کیلئے بھی نہ چاہو، جس طرح یہ چاہتے ہو کہ تم پر زیادتی نہ ہو یونہی دوسروں پر بھی زیادتی نہ کرو اور جس طرح یہ چاہتے ہو کہ تمہارے ساتھ حُسن سلوک ہو یونہی دوسروں کے ساتھ بھی حسنِ سلوک سے پیش آؤ، دوسروں کی جس چیز کو بُرا سمجھتے ہو اُسے اپنے میں بھی ہو تو بُرا سمجھو اور لوگوں کے ساتھ جو تمہارا رویہ ہو اسی رویہ کو اپنے لئے بھی درست سمجھو، جو بات نہیں جانتے اس کے بارے میں زبان نہ ہلاؤ، اگرچہ تمہاری معلومات کم ہوں، دوسروں کیلئے وہ بات نہ کہو جو اپنے لیے سُننا گوارا نہیں کرتے۔
وَ اعْلَمْ! اَنَّ الْاِعْجَابَ ضِدُّ الصَّوَابِ، وَ اٰفَةُ الْاَلْبَابِ، فَاسْعَ فِیْ كَدْحِكَ، وَ لَا تَكُنْ خَازِنًا لِّغَیْرِكَ، وَ اِذَاۤ اَنْتَ هُدِیْتَ لِقَصْدِكَ فَكُنْ اَخْشَعَ مَا تَكُوْنُ لِرَبِّكَ.
یاد رکھو کہ خود پسندی صحیح طریقہ کار کے خلاف اور عقل کی تباہی کا سبب ہے، روزی کمانے میں دوڑ دھوپ کرو اور دوسروں کے خزانچی نہ بنو اور اگر سیدھی راہ پر چلنے کی توفیق تمہارے شاملِ حال ہو جائے تو انتہائی درجہ تک بس اپنے پروردگار کے سامنے تذلل اختیار کرو۔
وَ اعْلَمْ! اَنَّ اَمَامَكَ طَرِیْقًا ذَا مَسَافَةٍۭ بَعِیْدَةٍ، وَ مَشَقَّةٍ شَدِیْدَةٍ، وَ اَنَّهٗ لَا غِنٰى لَكَ فِیْهِ عَنْ حُسْنِ الْاِرْتِیَادِ، وَ قَدْرِ بَلَاغِكَ مِنَ الزَّادِ، مَعَ خِفَّةِ الظَّهْرِ، فَلَا تَحْمِلَنَّ عَلٰى ظَهْرِكَ فَوْقَ طَاقَتِكَ، فَیَكُوْنَ ثِقْلُ ذٰلِكَ وَبَالًا عَلَیْكَ، وَ اِذَا وَجَدْتَّ مِنْ اَهْلِ الْفَاقَةِ مَنْ یَّحْمِلُ لَكَ زَادَكَ اِلٰى یَوْمِ الْقِیٰمَةِ، فَیُوَافِیْكَ بِهٖ غَدًا حَیْثُ تَحْتَاجُ اِلَیْهِ، فَاغْتَنِمْهُ وَ حَمِّلْهُ اِیَّاهُ، وَ اَكْثِرْ مِنْ تَزْوِیْدِهٖ وَ اَنْتَ قَادِرٌ عَلَیْهِ، فَلَعَلَّكَ تَطْلُبُهٗ فَلَا تَجِدُهٗ، وَ اغْتَنِمْ مَنِ اسْتَقْرَضَكَ فِیْ حَالِ غِنَاكَ، لِیَجْعَلَ قَضَآءَهٗ لَكَ فِیْ یَوْمِ عُسْرَتِكَ.
دیکھو! تمہارے سامنے ایک دشوار گزار اور دور دراز راستہ ہے جس کیلئے بہترین زاد کی تلاش اور بقدرِ کفایت توشہ کی فراہمی اس کے علاوہ سبکباری ضروری ہے، لہٰذا اپنی طاقت سے زیادہ اپنی پیٹھ پہ بوجھ نہ لادو کہ اس کا بار تمہارے لئے وبالِ جان بن جائے گا اور جب ایسے فاقہ کش لوگ مل جائیں کہ جو تمہارا توشہ اٹھا کر میدانِ حشر میں پہنچا دیں اور کل کو جبکہ تمہیں اس کی ضرورت پڑے گی تمہارے حوالے کر دیں تو اسے غنیمت جانو اور جتنا ہو سکے اس کی پشت پر رکھ دو، کیونکہ ہو سکتا ہے کہ پھر تم ایسے شخص کو ڈھونڈو اور نہ پاؤ اور جو تمہاری دولت مندی کی حالت میں تم سے قرض مانگ رہا ہے اس وعدہ پر کہ تمہاری تنگ دستی کے وقت ادا کر دے گا تو اُسے غنیمت جانو۔
وَ اعْلَمْ! اَنَّ اَمَامَكَ عَقَبَةً كَؤٗدًا، الْـمُخِفُّ فِیْهَا اَحْسَنُ حَالًا مِّنَ الْمُثْقِلِ، وَ الْمُبْطِئُ عَلَیْهَا اَقْبَحُ حَالًا مِّنَ الْمُسْرِعِ، وَ اَنَّ مَهْبِطَكَ بِہَا لَا مَحَالَةَ عَلٰى جَنَّةٍ اَوْ عَلٰى نَارٍ، فَارْتَدْ لِنَفْسِكَ قَبْلَ نُزُوْلِكَ، وَ وَطِّئِ الْمَنْزِلَ قَبْلَ حُلُوْلِكَ، فَلَیْسَ بَعْدَ الْمَوْتِ مُسْتَعْتَبٌ، وَ لَاۤ اِلَى الدُّنْیَا مُنْصَرَفٌ.
یاد رکھو! تمہارے سامنے ایک دشوار گزار گھاٹی ہے جس میں ہلکا پھلکا آدمی گراں بار آدمی سے کہیں اچھی حالت میں ہو گا اور سست رفتار تیز قدم دوڑنے والے کی بہ نسبت بُری حالت میں ہو گا اور اس راہ میں لامحالہ تمہاری منزلت جنت ہو گی یا دوزخ، لہٰذا اترنے سے پہلے جگہ منتخب کر لو اور پڑاؤ ڈالنے سے پہلے اس جگہ کو ٹھیک ٹھاک کر لو، کیونکہ موت کے بعد خوشنودی حاصل کرنے کا موقع نہ ہو گا اور نہ دنیا کی طرف پلٹنے کی کوئی صورت ہو گی۔
وَ اعْلَمْ! اَنَّ الَّذِیْ بِیَدِهٖ خَزَآئِنُ السَّمٰوٰتِ وَ الْاَرْضِ قَدْ اَذِنَ لَكَ فِی الدُّعَآءِ، وَ تَكفَّلَ لَكَ بِالْاِجَابَةِ، وَ اَمَرَكَ اَنْ تَسْئَلَهٗ لِیُعْطِیَكَ، وَ تَسْتَرْحِمَهٗ لِیَرْحَمَكَ، وَ لَمْ یَجْعَلْ بَیْنَكَ وَ بَیْنَهٗ مَنْ یَّحْجُبُہٗ عَنْكَ، وَ لَمْ یُلْجِئْكَ اِلٰى مَنْ یَّشْفَعُ لَكَ اِلَیْهِ، وَ لَمْ یَمْنَعْكَ اِنْ اَسَاْتَ مِنَ التَّوْبَةِ، وَ لَمْ یُعَاجِلْكَ بِالنِّقْمَةِ، وَ لَمْ یُعَیِّرْكَ بِالْاِنَابَةِ، وَ لَمْ یَفْضَحْكَ حَیْثُ الْفَضِیْحَةُ بِكَ اَوْلٰى، وَ لَمْ یُشَدِّدْ عَلَیْكَ فِیْ قَبُوْلِ الْاِنَابَةِ، وَ لَمْ یُنَاقِشْكَ بِالْجَرِیْمَةِ، وَ لَمْ یُؤْیِسْكَ مِنَ الرَّحْمَةِ، بَلْ جَعَلَ نُزُوْعَكَ عَنِ الذَّنْۢبِ حَسَنَةً، وَ حَسَبَ سَیِّئَتَكَ وَاحِدَةً، وَ حَسَبَ حَسَنَتَكَ عَشْرًا، وَ فَتحَ لَكَ بَابَ الْمَتَابِ، فَاِذَا نَادَیْتَهٗ سَمِـعَ نِدَاۗئَكَ، وَ اِذَا نَاجَیْتَهٗ عَلِمَ نَجْوَاكَ، فَاَفْضَیْتَ اِلَیْهِ بِحَاجَتِكَ، وَ اَبْثَثْتَهٗ ذَاتَ نَفْسِكَ، وَ شَكَوْتَ اِلَیْهِ هُمُوْمَكَ، وَ اسْتَكْشَفْتَهٗ كُرُوْبَكَ، وَ اسْتَعَنْتَهٗ عَلٰۤى اُمُوْرِكَ، وَ سَئَلْتَهٗ مِنْ خَزَآئِنِ رَحْمَتِهٖ مَا لَا یَقْدِرُ عَلٰۤى اِعْطَآئِهٖ غیْرُهٗ، مِنْ زِیَادَةِ الْاَعْمَارِ، وَ صِحَّةِ الْاَبْدَانِ، وَ سَعَةِ الْاَرْزَاقِ.
یقین رکھو کہ جس کے قبضہ قدرت میں آسمان و زمین کے خزانے ہیں اس نے تمہیں سوال کرنے کی اجازت دے رکھی ہے اور قبول کرنے کا ذمہ لیا ہے اور حکم دیا ہے کہ تم مانگو تاکہ وُہ دے، رحم کی درخواست کرو تاکہ وُہ رحم کرے، اس نے اپنے اور تمہارے درمیان دربان کھڑے نہیں کئے جو تمہیں روکتے ہوں، نہ تمہیں اس پر مجبور کیا ہے کہ تم کسی کو اس کے یہاں سفارش کیلئے لاؤ تب ہی کام ہو اور تم نے گناہ کئے ہوں تو اس نے تمہارے لئے توبہ کی گنجائش ختم نہیں کی ہے، نہ سزا دینے میں جلدی کی ہے اور نہ توبہ و انابت کے بعد وہ کبھی طعنہ دیتا ہے (کہ تم نے پہلے یہ کیا تھا، وہ کیا تھا)، نہ ایسے موقعوں پر اس نے تمہیں رسوا کیا کہ جہاں تمہیں رسوا ہی ہونا چاہیے تھا اور نہ اس نے توبہ کے قبول کرنے میں (کڑی شرطیں لگا کر) تمہارے ساتھ سخت گیری کی ہے، نہ گناہ کے بارے میں تم سے سختی کے ساتھ جرح کرتا ہے اور نہ اپنی رحمت سے مایوس کرتا ہے، بلکہ اس نے گناہ سے کنارہ کشی کو بھی ایک نیکی قرار دیا ہے اور بُرائی ایک ہو تو اُسے ایک (بُرائی) اور نیکی ایک ہو تو اسے دس (نیکیوں) کے برابر ٹھہرایا ہے، اس نے توبہ کا دروازہ کھول رکھا ہے، جب بھی اسے پکارو وہ تمہاری سنتا ہے اور جب بھی راز و نیاز کرتے ہوئے اس سے کچھ کہو وہ جان لیتا ہے، تم اسی سے مرادیں مانگتے ہو اور اسی کے سامنے دل کے بھید کھولتے ہو، اسی سے اپنے دُکھ درد کا رونا روتے ہو اور مصیبتوں سے نکالنے کی التجا کرتے ہو اور اپنے کاموں میں مدد مانگتے ہو اور اس کی رحمت کے خزانوں سے وہ چیزیں طلب کرتے ہو جن کے دینے پر اور کوئی قدرت نہیں رکھتا، جیسے عمروں میں درازی، جسمانی صحت و توانائی اور رزق میں وسعت۔
ثُمَّ جَعَلَ فِیْ یَدَیْكَ مَفَاتِیْحَ خَزَآئِنِهٖ بِمَاۤ اَذِنَ لَكَ فِیْهِ مِنْ مَّسْئَلَتِهٖ، فَمَتٰى شِئْتَ اسْتَفْتَحْتَ بِالدُّعَآءِ اَبْوَابَ نِعْمَتِهٖ، وَ اسْتَمْطَرْتَ شَاٰبِیْبَ رَحْمَتِهٖ، فَلَا یُقَنِّطَنَّكَ اِبْطَآءُ اِجَابَتِهٖ، فَاِنَّ الْعَطِیَّةَ عَلٰى قَدْرِ النِّیَّةِ، وَ رُبَّمَاۤ اُخِّرَتْ عَنْكَ الْاِجَابَةُ، لِیَكُوْنَ ذٰلِكَ اَعْظَمَ لِاَجْرِ السَّآئِلِ، وَ اَجْزَلَ لِعَطَآءِ الْاٰمِلِ، وَ رُبَّمَا سَئَلْتَ الشَّیْءَ فَلَا تُؤْتَاهُ، وَ اُوْتِیْتَ خَیْرًا مِّنْهُ عَاجِلًا اَوْ اٰجِلًا، اَوْ صُرِفَ عَنْكَ لِمَا هُوَ خَیْرٌ لَّكَ، فَلَرُبَّ اَمْرٍ قَدْ طَلَبْتَهٗ فِیْهِ هَلَاكُ دِیْنِكَ لَوْ اُوْتِیْتَهٗ، فَلْتَكُنْ مَّسَئَلَتُكَ فِیْمَا یَبْقٰى لَكَ جَمَالُهٗ، وَ یُنْفٰى عَنْكَ وَبَالُهٗ، فَالْمَالُ لَا یَبْقٰى لَكَ وَ لَا تَبْقٰى لَهٗ.
اور اس پر اس نے تمہارے ہاتھ میں اپنے خزانوں کے کھولنے والی کنجیاں دے دی ہیں اس طرح کہ تمہیں اپنی بارگاہ میں سوال کرنے کا طریقہ بتایا، اس طرح جب تم چاہو دُعا کے ذریعہ اس کی نعمت کے دروازوں کو کھلوا لو، اس کی رحمت کے جھالوں کو برسا لو، ہاں! بعض اوقات قبولیت میں دیر ہو تو اس سے نا اُمید نہ ہو، اس لئے کہ عطیہ نیت کے مطابق ہوتا ہے اور اکثر قبولیت میں اس لئے دیر کی جاتی ہے کہ سائل کے اجر میں اور اضافہ ہو اور امیدوار کو عطیے اور زیادہ ملیں اور کبھی یہ بھی ہوتا ہے کہ تم ایک چیز مانگتے ہو اور وہ حاصل نہیں ہوتی، مگر دنیا یا آخرت میں اس سے بہتر چیز تمہیں مل جاتی ہے یا تمہارے کسی بہتر مفاد کے پیشِ نظر تمہیں اس سے محروم کر دیا جاتا ہے اس لئے کہ تم کبھی ایسی چیزیں بھی طلب کر لیتے ہو کہ اگر تمہیں دے دی جائیں تو تمہارا دین تباہ ہو جائے، لہٰذا تمہیں بس وہ چیزیں طلب کرنا چاہیے جس کا جمال پائیدار ہو اور جس کا وبال تمہارے سر نہ پڑنے والا ہو، رہا دنیا کا مال تو نہ یہ تمہارے لئے رہے گا اور نہ تم اس کیلئے رہو گے۔
وَ اعْلَمْ! اَنَّكَ اِنَّمَا خُلِقْتَ لِلْاٰخِرَةِ لَا لِلدُّنْیَا، وَ لِلْفَنَآءِ لَا لِلْبَقَآءِ، وَ لِلْمَوْت لَا لِلْحَیٰوةِ، وَ اَنَّكَ فِیْ مَنْزِلِ قُلْعَةٍ، وَ دَارِ بُلْغَةٍ، وَ طَرِیْقٍ اِلَى الْاٰخِرَةِ، وَ اَنَّكَ طَرِیْدُ الْمَوْتِ الَّذِیْ لَا یَنْجُوْ مِنْهُ هَارِبُهٗ، وَ لَا بُدَّ اَنَّهٗ مُدْرِكُهٗ، فَكُنْ مِّنْهُ عَلٰى حَذَرٍ اَنْ یُّدْرِكَكَ وَ اَنْتَ عَلٰى حَالٍ سَیِّئَةٍ، قَدْ كُنْتَ تُحَدِّثُ نَفْسَكَ مِنْهَا بِالتَّوْبَةِ، فَیَحُوْلَ بَیْنَكَ وَ بَیْنَ ذٰلِكَ، فَاِذَاۤ اَنْتَ قَدْ اَهْلَكْتَ نَفْسَكَ.
یاد رکھو! تم آخرت کیلئے پیدا ہوئے ہو نہ کہ دنیا کیلئے، فنا کیلئے خلق ہوئے ہو نہ بقا کیلئے، موت کیلئے بنے ہو نہ حیات کیلئے، تم ایک ایسی منزل میں ہو جس کا کوئی حصہ ٹھیک نہیں اور ایک ایسے گھر میں ہو جو آخرت کا ساز و سامان مہیا کرنے کیلئے ہے اور صرف منزل آخرت کی گزر گاہ ہے، تم وہ ہو جس کا موت پیچھا کئے ہوئے ہے جس سے بھاگنے والا چھٹکارا نہیں پاتا، کتنا ہی کوئی چاہے اس کے ہاتھ سے نہیں نکل سکتا اور وہ بہرحال اُسے پالیتی ہے، لہٰذا ڈرو اس سے کہ موت تمہیں ایسے گناہوں کے عالم میں آ جائے جن سے توبہ کے خیالات تم دل میں لاتے تھے، مگر وہ تمہارے اور توبہ کے درمیان حائل ہو جائے، ایسا ہوا تو سمجھ لو کہ تم نے اپنے نفس کو ہلاک کر ڈالا۔
یَا بُنَیَّ! اَكْثِرْ مِنْ ذِكْرِ الْمَوْتِ، وَ ذِكْرِ مَا تَهْجُمُ عَلَیْهِ، وَ تُفْضِیْ بَعْدَ الْمَوْتِ اِلَیْهِ، حَتّٰى یَاْتِیَكَ وَ قَدْ اَخَذْتَ مِنْهُ حِذْرَكَ، وَ شَدَدْتَّ لَهٗۤ اَزْرَكَ، وَ لَا یَاْتِیَكَ بَغْتَةً فَیَبْهَرَكَ.
اے فرزند! موت کو اور اس منزل کو جس پر تمہیں اچانک وارد ہونا ہے اور جہاں موت کے بعد پہنچنا ہے ہر وقت یاد رکھنا چاہیے تاکہ جب وہ آئے تو تم اپنا حفاظتی سرو سامان مکمل اور اس کیلئے اپنی قوت مضبوط کر چکے ہو اور وہ اچانک تم پر نہ ٹوٹ پڑے کہ تمہیں بے دست و پا کر دے۔
وَ اِیَّاكَ اَنْ تَغْتَرَّ بِمَا تَرٰى مِنْ اِخْلَادِ اَهْلِ الدُّنْیَا اِلَیْهَا، وَ تَكَالُبِهِمْ عَلَیْهَا، فَقَدْ نَبَّاَكَ اللهُ عَنْهَا، وَ نَعَتْ لَكَ نَفْسَهَا، وَ تَكَشَّفَتْ لَكَ عَنْ مَّسَاوِیْهَا، فَاِنَّمَاۤ اَهْلُهَا كِلَابٌ عَاوِیَةٌ، وَ سِبَاعٌ ضَارِیَةٌ، یَهِرُّبَعْضُهَا بَعْضًا، وَ یَاْكُلُ عَزِیْزُهَا ذَلِیْلَهَا، وَ یَقْهَرُ كَبِیْرُهَا صَغِیْرَهَا، نَعَمٌ مُّعَقَّلَةٌ، وَ اُخْرٰى مُهْمَلَةٌ، قَدْ اَضَلَّتْ عُقُوْلَهَا، وَ رَكِبَتْ مَجْهُوْلَهَا، سُرُوْحُ عَاهَةٍۭ بِوَادٍ وَّعْثٍ، لَیْسَ لَهَا رَاعٍ یُّقِیْمُهَا، وَ لَا مُسِیْمٌ یُّسِیْمُهَا، سَلَكَتْ بِهِمُ الدُّنْیَا طَرِیْقَ الْعَمٰى، وَ اَخَذَتْ بِاَبْصَارِهِمْ عَنْ مَّنَارِ الْهُدٰى، فَتَاهُوْا فِیْ حَیْرَتِهَا، وَ غَرِقُوْا فِیْ نِعْمَتِهَا، وَ اتَّخَذُوْاهَا رَبًّا، فَلَعِبَتْ بِهِمْ وَ لَعِبُوْا بِهَا، وَ نَسُوْا مَا وَرَآءَهَا، رُوَیْدًا یُّسْفِرُ الظَّلَامُ، كَاَنْ قَدْ وَرَدَتِ الْاَظْعَانُ، یُوْشِكُ مَنْ اَسْرَعَ اَنْ یَّلْحَقَ.
خبردار! دنیا داروں کی دنیا پرستی اور ان کی حرص و طمع جو تمہیں دکھائی دیتی ہے وہ تمہیں فریب نہ دے، اس لئے کہ اللہ نے اس کا وصف خوب بیان کر دیا ہے اور دنیا نے خود بھی اپنی حقیقت واضح کر دی ہے اور اپنی برائیوں کو بے نقاب کر دیا ہے، اس (دنیا) کے گرویدہ بھونکنے والے کتے اور پھاڑ کھانے والے درندے ہیں جو آپس میں ایک دوسرے پر غراتے ہیں، طاقتور کمزور کو نگلے لیتا ہے اور بڑا چھوٹے کو کچل رہا ہے، ان میں کچھ چوپائے بندھے ہوئے اور کچھ چھٹے ہوئے ہیں جنہوں نے اپنی عقلیں کھو دی ہیں اور انجانے راستے پر سوار ہو لئے ہیں، یہ دشوار گزار وادیوں میں آفتوں کی چراگاہ میں چھٹے ہوئے ہیں، نہ ان کا کوئی گلہ بان ہے جو ان کی رکھوالی کرے، نہ کوئی چرواہا ہے جو انہیں چرائے، دنیا نے ان کو گمراہی کے راستے پر لگایا ہے اور ہدایت کے مینار سے ان کی آنکھیں بند کر دی ہیں، یہ اس کی گمراہیوں میں سرگرداں اور اس کی نعمتوں میں غلطاں ہیں اور اُسے ہی اپنا معبود بنا رکھا ہے، دنیا ان سے کھیل رہی ہے اور یہ دنیا سے کھیل رہے ہیں اور اس کے آگے کی منزل کو بھولے ہوئے ہیں۔ ٹھہرو! اندھیرا چھٹنے دو، گویا (میدانِ حشر میں) سواریاں اُتر ہی پڑی ہیں، تیز قدم چلنے والوں کیلئے وہ وقت دور نہیں کہ اپنے قافلے سے مل جائیں۔
وَ اعْلَمْ! اَنَّ مَنْ كَانَتْ مَطِیَّتُهُ اللَّیْلَ وَ النَّهَارَ، فَاِنَّهٗ یُسَارُ بِهٖ وَ اِنْ كَانَ وَاقِفًا، وَ یَقْطَعُ الْمَسَافَةَ وَ اِنْ كَانَ مُقِیْمًا وَادِعًا. وَ اعْلَمْ یَقِیْنًا، اَنَّكَ لَنْ تَبْلُغَ اَمَلَكَ، وَ لَنْ تَعْدُوَ اَجَلَكَ، وَ اَنَّكَ فِیْ سَبِیْلِ مَنْ كَانَ قَبْلَكَ، فَخَفِّضْ فِی الطَّلَبِ، وَ اَجْمِلْ فِی الْمُكْتَسَبِ، فَاِنَّهٗ رُبَّ طَلَبٍ قَدْ جَرَّ اِلٰى حَرَبٍ، فَلَیْسَ كُلُّ طَالِبٍۭ بِمَرْزُوْقٍ، وَ لَا كُلُّ مُجْمِلٍۭ بِمَحْرُوْمٍ.
اور معلوم ہونا چاہیے کہ جو شخص لیل و نہار کے مرکب پر سوار ہے وہ اگرچہ ٹھہرا ہوا ہے مگر حقیقت میں چل رہا ہے اور اگرچہ ایک جگہ پر قیام کئے ہوئے ہے مگر مسافت طے کئے جا رہا ہے اور یہ یقین کے ساتھ جانے رہو کہ تم اپنی آرزوؤں کو پورا کبھی نہیں کر سکتے اور جتنی زندگی لے کر آئے ہو اس سے آگے نہیں بڑھ سکتے اور تم بھی اپنے پہلے والوں کی راہ پر ہو، لہٰذا طلب میں نرم رفتاری اور کسب ِمعاش میں میانہ روی سے کام لو، کیونکہ اکثر طلب کا نتیجہ مال کا گنوانا ہوتا ہے، یہ ضروری نہیں کہ رزق کی تلاش میں لگا رہنے والا کامیاب ہی ہو، اور کد و کاوش میں اعتدال سے کام لینے والا محروم ہی رہے۔
وَ اَكْرِمْ نَفْسَكَ عَنْ كُلِّ دَنِیَّةٍ وَّ اِنْ سَاقَتْكَ اِلَى الرَّغَآئِبِ، فَاِنَّكَ لَنْ تَعْتَاضَ بِمَا تَبْذُلُ مِنْ نَّفْسِكَ عِوَضًا، وَ لَا تَكُنْ عَبْدَ غَیْرِكَ وَ قَدْ جَعَلَكَ اللهُ حُرًّا، وَ مَا خَیْرُ خَیْرٍ لَّا یُنَالُ اِلَّا بِشَرٍّ، وَ یُسْرٍ لَّا یُنَالُ اِلَّابِعُسْرٍ؟!.
ہر ذلت سے اپنے نفس کو بلند تر سمجھو، اگرچہ وہ تمہاری من مانی چیزوں تک تمہیں پہنچا دے، کیونکہ اپنے نفس کی عزت جو کھو دو گے اس کا بدل کوئی حاصل نہ کر سکو گے، دوسروں کے غلام نہ بن جاؤ جب کہ اللہ نے تمہیں آزاد بنایا ہے، اس بھلائی میں کوئی بہتری نہیں جو بُرائی کے ذریعے حاصل ہو اور اس آرام و آسائش میں کوئی بہتری نہیں جس کیلئے (ذلت کی) دشواریاں جھیلنا پڑیں۔
وَ اِیَّاكَ اَنْ تُوْجِفَ بِكَ مَطَایَا الطَّمَعِ، فَتُوْرِدَكَ مَنَاهِلَ الْهَلَكَةِ، وَ اِنِ اسْتَطَعْتَ اَنْ لَّا یَكُوْنَ بَیْنَكَ بَیْنَ اللهِ ذُوْ نِعْمَةٍ فَافْعَلْ، فَاِنَّكَ مُدْرِكٌ قِسْمَكَ، وَ اٰخِذٌ سَهْمَكَ، وَ اِنَّ الْیَسِیْرَ مِنَ اللهِ سُبْحَانَهٗ اَعْظَمُ وَ اَكْرَمُ مِنَ الْكَثِیْرِ مِنْ خَلْقِهٖ وَ اِنْ كَانَ كُلٌّ مِّنْهُ.
خبردار! تمہیں طمع و حرص کی تیز رو سواریاں ہلاکت کے گھاٹ پر نہ لا اتاریں، اگر ہو سکے تو یہ کرو کہ اپنے اور اللہ کے درمیان کسی ولی نعمت کو واسطہ نہ بننے دو، کیونکہ تم اپنا حصہ اور اپنی قسمت کا پا کر رہو گے، وہ تھوڑا جو اللہ سے بے منت خلق ملے اس بہت سے کہیں بہتر ہے جو مخلوق کے ہاتھوں سے ملے، اگرچہ حقیقتاً جو ملتا ہے اللہ ہی کی طرف سے ملتا ہے۔
وَ تَلَافِیْكَ مَا فَرَطَ مِنْ صَمْتِكَ اَیْسَرُ مِنْ اِدْرَاكِكَ مَا فَاتَ مِنْ مَّنْطِقِكَ، وَ حِفْظُ مَا فِی الْوِعَآءِ بِشَدِّ الْوِكَآءِ، وَ حِفْظُ مَا فِیْ یَدَیْكَ اَحَبُّ اِلَیَّ مِنْ طَلَبِ مَا فِیْ یَدَیْ غَیْرِكَ، وَ مَرَارَةُ الْیَاْسِ خَیْرٌ مِّنَ الطَّلَبِ اِلَى النَّاسِ، وَ الْحِرْفَةُ مَعَ الْعِفَّةِ خَیْرٌ مِّنَ الْغِنٰى مَعَ الْفُجُوْرِ، وَ الْمَرْءُ اَحْفَظُ لِسِرِّهٖ، وَ رُبَّ سَاعٍ فِیْمَا یَضُرُّهٗ، مَنْ اَكْثَرَ اَهْجَرَ، وَ مَنْ تَفَكَّرَ اَبْصَرَ، قَارِنْ اَهْلَ الْخَیْرِ تَكُنْ مِّنْهُمْ، وَبَایِنْ اَهْلَ الشَّرِّ تَبِنْ عَنْهُمْ، بِئْسَ الطَّعَامُ الْحَرَامُ، وَ ظُلْمُ الضَّعِیْفِ اَفْحَشُ الظُّلْمِ، اِذَا كَانَ الرِّفْقُ خُرْقًا كَانَ الْخُرْقُ رِفْقًا، رُبَّمَا كَانَ الدَّوَآءُ دَآءً وَ الدَّآءُ دَوَآءً، وَ رُبَّمَا نَصَحَ غَیْرُ النَّاصِحِ وَ غَشَّ الْمُسْتَنْصَحُ.
بے محل خاموشی کا تدارک بے موقعہ گفتگو سے آسان ہے، برتن میں جو ہے اس کی حفاظت یونہی ہو گی کہ منہ بند رکھو اور جو کچھ تمہارے ہاتھ میں ہے اس کو محفوظ رکھنا دوسروں کے آگے دست ِطلب بڑھانے سے مجھے زیادہ پسند ہے، یاس کی تلخی سہ لینا لوگوں کے سامنے ہاتھ پھیلانے سے بہتر ہے، پاک دامانی کے ساتھ محنت مزدوری کر لینا فسق و فجور میں گھری ہوئی دولت مندی سے بہتر ہے، انسان خود ہی اپنے راز کو خوب چھپا سکتا ہے، بہت سے لوگ ایسی چیز کیلئے کوشاں ہوتے ہیں جو ان کیلئے ضرر رساں ثابت ہوتی ہے، جو زیادہ بولتا ہے وہ بے معنی باتیں کرنے لگتا ہے، سوچ بچار سے قدم اٹھانے والا (صحیح راستہ) دیکھ لیتا ہے، نیکوں سے میل جول رکھو گے تو تم بھی نیک ہو جاؤ گے، بُروں سے بچے رہو گے تو ان (کے اثرات) سے محفوظ رہو گے، بد ترین کھانا وہ ہے جو حرام ہو اور بد ترین ظلم وہ ہے جو کسی کمزور و ناتواں پر کیا جائے، جہاں نرمی سے کام لینا نامناسب ہو وہاں سخت گیری ہی نرمی ہے، کبھی کبھی دوا بیماری اور بیماری دوا بن جایا کرتی ہے، کبھی بدخواہ بھلائی کی راہ سوجھا دیا کرتا ہے اور دوست فریب دے جاتا ہے۔
وَ اِیَّاكَ وَ الِاتِّكَالَ عَلَى الْمُنٰى، فَاِنَّهَا بَضَآئِعُ النَّوْكٰى، وَ الْعَقْلُ حِفْظُ التَّجَارِبِ، وَ خَیْرُ مَا جَرَّبْتَ مَا وَعَظَكَ، بَادِرِ الْفُرْصَةَ قَبْلَ اَنْ تَكُوْنَ غُصَّةً، لَیْسَ كُلُّ طَالِبٍ یُّصِیْبُ، وَ لَا كُلُّ غَآئِبٍ یَّؤٗبُ، وَ مِنَ الْفَسَادِ اِضَاعَةُ الزَّادِ وَ مَفْسَدَةُ الْمَعَادِ، وَ لِكُلِّ اَمْرٍ عَاقِبَةٌ، سَوْفَ یَاْتِیْكَ مَا قُدِّرَ لَكَ، التَّاجِرُ مُخَاطِرٌ، وَ رُبَّ یَسِیْرٍ اَنْمٰى مِنْ كَثِیْرٍ، لَا خَیْرَ فِیْ مُعِیْنٍ مَّهِیْنٍ، وَ لَا فِیْ صَدِیْقٍ ظَنِیْنٍ، سَاهِلِ الدَّهْرَ مَا ذَلَّ لَكَ قَعُوْدُهٗ، وَ لَا تُخَاطِرْ بِشَیْءٍ رَجَآءَ اَكْثَرَ مِنْهُ، وَ اِیَّاك اَنْ تَجْمَحَ بِكَ مَطِیَّةُ اللَّجَاجِ.
خبردار! امیدوں کے سہارے پر نہ بیٹھنا، کیونکہ اُمیدیں احمقوں کا سرمایہ ہوتی ہیں، تجربوں کو محفوظ رکھنا عقلمندی ہے۔ بہترین تجربہ وہ ہے جو پند و نصیحت دے، فرصت کا موقع غنیمت جانو قبل اس کے کہ وہ رنج و اندوہ کا سبب بن جائے، ہر طلب و سعی کرنے والا مقصد کو پا نہیں لیا کرتا اور ہر جانے والا پلٹ کر نہیں آیا کرتا، توشہ کا کھو دینا اور عاقبت بگاڑ لینا بربادی و تباہ کاری ہے، ہر چیز کا ایک نتیجہ و ثمرہ ہوا کرتا ہے، جو تمہارے مقدر میں ہے وہ تم تک پہنچ کر رہے گا، تاجر اپنے کو خطروں میں ڈالا ہی کرتا ہے، کبھی تھوڑا مال مال فراواں سے زیادہ بابرکت ثابت ہوتا ہے، پست طینت مددگار میں کوئی بھلائی نہیں اور نہ بدگمان دوست میں، جب تک زمانہ کی سواری تمہارے قابو میں ہے اس سے نباہ کرتے رہو، زیادہ کی اُمید میں اپنے کو خطروں میں نہ ڈالو، خبردار! کہیں دشمنی و عناد کی سواریاں تم سے مُنہ زوری نہ کرنے لگیں۔
اِحْمِلْ نَفْسَكَ مِنْ اَخِیْكَ عِنْدَ صَرْمِهٖ عَلَى الصِّلَةِ، وَ عِنْدَ صُدُوْدِهٖ عَلَى اللُّطْفِ وَ الْمُقَارَبَةِ، وَ عِنْدَ جُمُوْدِهٖ عَلَى الْبَذْلِ، وَ عِنْدَ تَبَاعُدِهٖ عَلَى الدُّنُوِّ، وَعِنْدَ شِدَّتِهٖ عَلَى اللِّیْنِ، وَ عِنْدَ جُرْمِهٖ عَلَى الْعُذْرِ، حَتّٰى كَاَنَّكَ لَهٗ عَبْدٌ، وَ كَاَنَّهٗ ذُوْ نِعْمَةٍ عَلَیْكَ.
اپنے کو اپنے بھائی کیلئے اس پر آمادہ کرو کہ جب وہ دوستی توڑے تو تم اسے جوڑو، وہ منہ پھیرے تو تم آگے بڑھو اور لطف و مہربانی سے پیش آؤ، وہ تمہارے لئے کنجوسی کرے تم اس پر خرچ کرو، وہ دوری اختیار کرے تو تم اس کے نزدیک ہونے کی کوشش کرو، وہ سختی کرتا رہے اور تم نرمی کرو، وہ خطا کا مرتکب ہو اور تم اس کیلئے عذر تلاش کرو، یہاں تک کہ گویا تم اس کے غلام اور وہ تمہارا آقائے نعمت ہے۔
وَ اِیَّاكَ اَنْ تَضَعَ ذٰلِكَ فِیْ غَیْرِ مَوْضِعِهٖ، اَوْ اَنْ تَفْعَلَهٗ بِغَیْرِ اَهْلِهٖ، لَا تَتَّخِذَنَّ عَدُوَّ صَدِیْقِكَ صَدِیْقًا فَتُعَادِیَ صَدِیْقَكَ، وَ امْحَضْ اَخَاكَ النَّصِیْحَةَ، حَسَنةً كَانَتْ اَمْ قَبِیْحَةً، وَ تَجَرَّعِ الْغَیْظَ، فَاِنِّیْ لَمْ اَرَ جُرْعَةً اَحْلٰى مِنْهَا عَاقِبَةً، وَ لَاۤ اَلَذَّ مَغَبَّةً، وَ لِنْ لِّمَنْ غَالَظَكَ، فَاِنَّهٗ یُوْشِكُ اَنْ یَّلِیْنَ لَكَ، وَ خُذْ عَلٰى عَدُوِّكَ بِالْفَضْلِ فَاِنَّهٗۤ اَحْلَى الظَّفَرَیْنِ، وَ اِنْ اَرَدْتَّ قَطِیْعَةَ اَخِیْكَ فَاسْتَبْقِ لَهٗ مِنْ نَّفْسِكَ بَقِیَّةً یَّرْجِعُ اِلَیْهَا اِنْ بَدَا لَهٗ ذٰلِكَ یَوْمًا مَّا، وَ مَنْ ظَنَّ بِكَ خَیْرًا فَصَدِّقْ ظَنَّهٗ.
مگر خبردار! یہ برتاؤ بے محل نہ ہو اور نااہل سے یہ رویہ نہ اختیار کرو، اپنے دوست کے دشمن کو دوست نہ بناؤ ورنہ اس دوست کے دشمن قرار پاؤ گے، دوست کو کھری کھری نصیحت کی باتیں سناؤ خواہ اُسے اچھی لگیں یا بُری، غصہ کے کڑوے گھونٹ پی جاؤ، کیونکہ میں نے نتیجہ کے لحاظ سے اس سے زیادہ خوش مزہ و شیریں گھونٹ نہیں پائے، جو شخص تم سے سختی سے پیش آئے اُس سے نرمی کا برتاؤ کرو، کیونکہ اس رویہ سے وہ خود ہی نرم پڑ جائے گا، دشمن پر لطف و کرم کے ذریعہ سے راہ چارہ و تدبیر مسدود کرو، کیونکہ دو قسم کی کامیابیوں میں یہ زیادہ مزے کی کامیابی ہے، اپنے کسی دوست سے تعلقات قطع کرنا چاہو، تو اپنے دل میں اتنی جگہ رہنے دو کہ اگر اس کا رویہ بدلے تو اس کیلئے گنجائش ہو، جو تم سے حسن ظن رکھے اس کے حسن ظن کو سچا ثابت کرو۔
وَ لَا تُضِیْعَنَّ حَقَّ اَخِیْكَ اتِّكَالًا عَلٰى مَا بَیْنَكَ وَ بَیْنَهٗ، فَاِنَّهٗ لَیْسَ لَكَ بِاَخٍ مَّنْ اَضَعْتَ حَقَّهٗ، وَ لَا یكُنْ اَهْلُكَ اَشْقَى الْخَلْقِ بِكَ وَ لَا تَرْغَبَنَّ فِیْمَنْ زَهِدَ فِیْكَ، وَ لَا یَكُوْنَنَّ اَخُوْكَ اَقْوٰى عَلٰى قَطِیْعَتِكَ مِنْكَ عَلٰى صِلَتِهٖ، وَ لَا تكُوْنَنَّ عَلَى الْاِسَآءَةِ اَقْوٰى مِنْكَ عَلَى الْاِحْسَانِ، وَ لَا یَكْبُرَنَّ عَلَیْكَ ظُلْمُ مَنْ ظَلَمَكَ، فَاِنَّهٗ یَسْعٰى فِیْ مَضَرَّتِهٖ وَ نَفْعِكَ، وَ لَیْسَ جَزَآءُ مَنْ سَرَّكَ اَنْ تَسُوْۤءَهٗ.
باہمی روابط کی بنا پر اپنے کسی بھائی کی حق تلفی نہ کرو، کیونکہ پھر وہ بھائی کہاں رہا جس کا حق تم تلف کرو، یہ نہ ہونا چاہیے کہ تمہارے گھر والے تمہارے ہاتھوں دنیا جہاں میں سب سے زیادہ بدبخت ہو جائیں، جو تم سے تعلقات قائم رکھنا پسند ہی نہ کرتا ہو اسکے خواہ مخواہ پیچھے نہ پڑ و، تمہارا دوست قطع تعلق کرے تو تم رشتہ محبت جوڑنے میں اس پر بازی لے جاؤ اور وہ برائی سے پیش آئے تو تم حسنِ سلوک میں اس سے بڑھ جاؤ، ظالم کا ظلم تم پر گراں نہ گزرے کیونکہ وہ اپنے نقصان اور تمہارے فائدہ کیلئے سرگرم عمل ہے اور جو تمہاری خوشی کا باعث ہو، اس کا صلہ یہ نہیں کہ اس سے برائی کرو۔
وَ اعْلَمْ یَا بُنَیَّ! اَنَّ الرِّزْقَ رِزْقَانِ: رِزْقٌ تَطْلُبُهٗ، وَ رِزْقٌ یَّطْلُبُكَ، فَاِنْ اَنْتَ لَمْ تَاْتِهٖۤ اَتَاكَ، مَاۤ اَقْبَحَ الْخُضُوْعَ عِنْدَ الْحَاجَةِ، وَ الْجَفَآءَ عِنْدَ الْغِنٰى! اِنَّمَا لَكَ مِنْ دُنْیَاكَ مَاۤ اَصْلَحْتَ بِهٖ مَثْوَاكَ، وَ اِنْ جَزِعْتَ عَلٰى مَا تَفَلَّتَ مِنْ یَدَیْكَ، فَاجْزَعْ عَلٰى كُلِّ مَا لَمْ یَصِلْ اِلَیْكَ، اسْتَدِلَّ عَلٰى مَا لَمْ یَكُنْۢ بِمَا قَدْ كَانَ، فَاِنَّ الْاُمُوْرَ اَشْبَاهٌ، وَ لَا تَكُوْنَنَّ مِمَّنْ لَّا تَنْفَعُهُ الْعِظَةُ اِلَّاۤ اِذَا بَالَغْتَ فِیْۤ اِیْلَامِهٖ، فَاِنَّ الْعَاقِلَ یَتَّعِظُ بِالْاٰدَابِ، وَالْبَهَآئِمَ لَا تَتَّعِظُ اِلَّا بِالضَّرْبِ.
اے فرزند! یقین رکھو کہ رزق دو طرح کا ہوتا ہے: ایک وہ جس کی تم جستجو کرتے ہو اور ایک وہ جو تمہاری جستجو میں لگا ہوا ہے۔ اگر تم اس کی طرف نہ جاؤ گے تو بھی وہ تم تک آ کر رہے گا۔ ضرورت پڑنے پر گڑگڑانا اور مطلب نکل جانے پر کج خلقی سے پیش آنا کتنی بُری عادت ہے۔ دنیا سے بس اتنا ہی اپنا سمجھو جس سے اپنی عقبیٰ کی منزل سنوار سکو، اگر تم ہر اس چیز پر جو تمہارے ہاتھ سے جاتی رہے واویلا مچاتے ہو تو پھر ہر اس چیز پر رنج و افسوس کرو کہ جو تمہیں نہیں ملی، موجودہ حالات سے بعد کے آنے والے حالات کا قیاس کرو، ان لوگوں کی طرح نہ ہو جاؤ، کہ جن پر نصیحت اس وقت تک کارگر نہیں ہوتی جب تک انہیں پوری طرح تکلیف نہ پہنچائی جائے، کیونکہ عقلمند باتوں سے مان جاتے ہیں اور حیوان لاتوں کے بغیر نہیں مانا کرتے۔
اِطْرَحْ عَنْكَ وَارِدَاتِ الْهُمُوْمِ بِعَزَآئِمِ الصَّبْرِ وَ حُسْنِ الْیَقِیْنِ، مَنْ تَرَكَ الْقَصْدَ جَارَ، وَ الصَّاحِبُ مُنَاسِبٌ، وَ الصَّدِیْقُ مَنْ صَدَقَ غَیْبُهٗ، وَ الْهَوٰى شَرِیْكُ الْعَنَآءِ، رُبَّ قَرِیْبٍ اَبْعَدُ مِنْۢ بَعِیْدٍ، وَ رُبَّ بَعِیْدٍ اَقْرَبُ مِنْ قَرِیْبٍ، وَ الْغَرِیْبُ مَنْ لَّمْ یَكُنْ لَّهٗ حَبِیْبٌ، مَنْ تَعَدَّى الْحَقَّ ضَاقَ مَذْهَبُهٗ، وَ مَنِ اقْتَصَرَ عَلٰى قَدْرِهٖ كَانَ اَبْقٰى لَهٗ، وَ اَوْثَقُ سَبَبٍ اَخَذْتَ بِهٖ سَبَبٌۢ بَیْنَكَ وَ بَیْنَ اللهِ، وَ مَنْ لَّمْ یُبَالِكَ فَهُوَ عَدُوُّكَ، قَدْ یَكُوْنُ الْیَاْسُ اِدْرَاكًا، اِذَا كَانَ الطَّمَعُ هَلَاکًا، لَیْسَ كُلُّ عَوْرَةٍ تَظْهَرُ، وَ لَا كُلُّ فُرْصَةٍ تُصَابُ، وَ رُبَّمَاۤ اَخْطَاَ الْبَصِیْرُ قَصْدَهٗ، وَ اَصَابَ الْاَعْمٰى رُشْدَهٗ.
ٹوٹ پڑنے والے غم و اندوہ کو صبر کی پختگی اور حسن یقین سے دور کرو، جو درمیانی راستہ چھوڑ دیتا ہے وہ بے راہ ہو جاتا ہے، دوست بمنزلہ عزیز کے ہوتا، سچا دوست وہ ہے جو پیٹھ پیچھے بھی دوستی کو نبھائے، ہوا و ہوس سے زحمت میں پڑنا لازمی ہے، بہت سے قریبی بیگانوں سے بھی زیادہ بے تعلق ہوتے ہیں اور بہت سے بیگانے قریبیوں سے بھی زیادہ نزدیک ہوتے ہیں، پردیسی وہ ہے جس کا کوئی دوست نہ ہو، جو حق سے تجاوز کر جاتا ہے اس کا راستہ تنگ ہو جاتا ہے، جو اپنی حیثیت سے آگے نہیں بڑھتا اس کی منزلت برقرار رہتی ہے، تمہارے ہاتھوں میں سب سے زیادہ مضبوط وسیلہ وہ ہے جو تمہارے اور اللہ کے درمیان ہے، جو تمہاری پرواہ نہیں کرتا وہ تمہارا دشمن ہے، جب حرص و طمع تباہی کا سبب ہو تو مایوسی ہی میں کامرانی ہے، ہر عیب ظاہر نہیں ہوا کرتا، فرصت کا موقع بار بار نہیں ملا کرتا، کبھی آنکھوں والا صحیح راہ کھو دیتا ہے اور اندھا صحیح راستہ پا لیتا ہے۔
اَخِّرِ الشَّرَّ، فَاِنَّكَ اِذَا شِئْتَ تَعَجَّلْتَهٗ، وَ قَطِیْعَةُ الْجَاهِلِ تَعْدِلُ صِلَةَ الْعَاقِلِ، مَنْ اَمِنَ الزَّمَانَ خَانَهٗ، وَمَنْ اَعْظَمَهٗۤ اَهَانَهٗ، لَیْسَ كُلُّ مَنْ رَّمٰى اَصَابَ، اِذَا تَغَیَّرَ السُّلْطَانُ تَغَیَّرَ الزَّمَانُ، سَلْ عَنِ الرَّفِیْقِ قَبْلَ الطَّرِیْقِ، وَ عَنِ الْجَارِ قَبْلَ الدَّارِ، اِیَّاكَ اَنْ تَذْكُرَ مِنَ الْكَلاَمِ مَا یَكُوْنُ مُضْحِكًا، وَ اِنْ حَكَیْتَ ذٰلِكَ عَنْ غَیْرِكَ.
برائی کو پس پشت ڈالتے رہو، کیونکہ جب چاہو گے اس کی طرف بڑھ سکتے ہو، جاہل سے علاقہ توڑنا عقلمند سے رشتہ جوڑنے کے برابر ہے، جو دنیا پر اعتماد کر کے مطمئن ہو جاتا ہے دنیا اُسے دَغا دے جاتی ہے اور جو اسے عظمت کی نگاہوں سے دیکھتا ہے وہ اسے پست و ذلیل کرتی ہے، ہر تیر انداز کا نشانہ ٹھیک نہیں بیٹھا کرتا، جب حکومت بدلتی ہے تو زمانہ بدل جاتا ہے، راستے سے پہلے شریک ِسفر اور گھر سے پہلے ہمسایہ کے متعلق پوچھ گچھ کر لو، خبردار! اپنی گفتگو میں ہنسانے والی باتیں نہ لاؤ، اگرچہ وہ نقل قول کی حیثیت سے ہوں۔
وَ اِیَّاكَ وَ مُشَاوَرَةَ النِّسَآءِ، فَاِنَّ رَاْیَهُنَّ اِلٰۤى اَفَنٍ، وَ عَزْمَهُنَّ اِلٰى وَهْنٍ، وَ اكْفُفْ عَلَیْهِنَّ مِنْ اَبْصَارِهِنَّ بِحِجَابِكَ اِیَّاهُنَّ، فَاِنَّ شِدَّةَ الْحِجَابِ اَبْقٰى عَلَیْهِنَّ، وَ لَیْسَ خُرُوْجُهُنَّ بِاَشَدَّ مِنْ اِدْخَالِكَ مَنْ لَّایُوْثَقُ بِهٖ عَلَیْهِنَّ، وَ اِنِ اسْتَطَعْتَ اَلَّا یَعْرِفْنَ غَیْرَكَ فَافْعَلْ، وَ لَا تُمَلِّكِ الْمَرْاَةَ مِنْ اَمْرِهَا مَا جَاوَزَ نَفْسَهَا، فَاِنَّ الْمَرْاَةَ رَیْحَانَةٌ، وَ لَیْسَتْ بِقَهْرَمَانَةٍ، وَ لَا تَعْدُ بِكَرَامَتِهَا نَفْسَهَا، وَ لَا تُطْمِعْهَا فِیْۤ اَنْ تَشْفَعَ لِغَیْرِهَا، وَ اِیَّاكَ وَ التَّغَایُرَ فِیْ غَیْرِ مَوْضِعِ غَیْرَةٍ، فَاِنَّ ذٰلِكَ یَدْعُوالصَّحِیْحَةَ اِلَى السَّقَمِ، وَ الْبَرِیْٓئَةَ اِلَى الرِّیَبِ.
(خبردار!) عورتوں سے ہرگز مشورہ نہ لو، کیونکہ ان کی رائے کمزور اور ارادہ سست ہوتا ہے، انہیں پردہ میں بٹھا کر ان کی آنکھوں کو تاک جھانک سے روکو، کیونکہ پردہ کی سختی ان کی عزت و آبرو کو برقرار رکھنے والی ہے، ان کا گھروں سے نکلنا اس سے زیادہ خطرناک نہیں ہوتا جتنا کسی ناقابلِ اعتماد کو گھر میں آنے دینا اور اگر بن پڑے تو ایسا کرو کہ تمہارے علاوہ کسی اور کو وہ پہچانتی ہی نہ ہوں، عورت کو اس کے ذاتی امور کے علاوہ دوسرے اختیارات نہ سونپو، کیونکہ عورت ایک پھول ہے، وہ کار فرما اور حکمران نہیں ہے، اس کا پاس و لحاظ اس کی ذات سے آگے نہ بڑھاؤ اور یہ حوصلہ پیدا نہ ہونے دو کہ وہ دوسروں کی سفارش کرنے لگے، بے محل شبہ و بدگمانی کا اظہار نہ کرو کہ اس سے نیک چلن اور پاکباز عورت بھی بے راہی و بدکرداری کی راہ دیکھ لیتی ہے۔
وَاجْعَلْ لِكُلِّ اِنْسَانٍ مِّنْ خَدَمِكَ عَمَلًا تَاْخُذُهٗ بِهٖ، فَاِنَّهٗ اَحْرٰى اَنْ لَّا یَتَوَاكَلُوْا فِیْ خِدْمَتِكَ، وَ اَكْرِمْ عَشِیْرَتَكَ، فَاِنَّهُمْ جَنَاحُكَ الَّذِیْ بِهٖ تَطِیْرُ، وَ اَصْلُكَ الَّذِیْۤ اِلَیْهِ تَصِیْرُ، وَ یَدُكَ الَّتِیْ بِهَا تَصُوْلُ.
اپنے خدمت گزاروں میں ہر شخص کیلئے ایک کام معیّن کر دو جس کی جواب دہی اس سے کر سکو، اس طریق کار سے وہ تمہارے کاموں کو ایک دوسرے پر نہیں ٹالیں گے، اپنے قوم قبیلے کا احترام کرو، کیونکہ وہ تمہارے ایسے پَر و بال ہیں کہ جن سے تم پرواز کرتے ہو اور ایسی بنیادیں ہیں جن کا تم سہارا لیتے ہو اور تمہارے وہ دست و بازو ہیں جن سے حملہ کرتے ہو۔
اَسْتَوْدِعُ اللهَ دِیْنَكَ وَ دُنْیَاكَ، وَ اَسْئَلُهٗ خَیْرَ الْقَضَآءِ لَكَ فِی الْعَاجِلَةِ وَ الْاٰجِلَةِ، وَ الدُّنْیَا وَ الْاٰخِرَةِ،وَ السَّلَامُ۔
میں تمہارے دین اور تمہاری دنیا کو اللہ کے حوالے کرتا ہوں اور اس سے حال و مستقبل اور دنیا و آخرت میں تمہارے لئے بھلائی کے فیصلہ کا خواستگار ہوں۔ والسلام۔

ابن میثم نے جعفر ابن بابویہ قمی علیہ الرحمہ کا یہ قول نقل کیا ہے کہ حضرتؑ نے یہ وصیت نامہ محمد ابن حنفیہؓ کے نام تحریر فرمایا اور علامہ رضیؒ نے تحریر کیا ہے کہ اس سے مراد و مخاطب امام حسن علیہ السلام ہیں۔ بہر صورت مخاطب خواہ امام حسن علیہ السلام ہوں یا محمد ابن حنفیہ، یہ منشور امامت تمام نوعِ انسانی کیلئے درس ہدایت ہے کہ جس پر عمل پیرا ہونے سے سعادت و کامرانی کی راہیں کھل سکتی ہیں اور انسانیت کے بھٹکے ہوئے قافلے جادۂ ہدایت پر گامزن ہو سکتے ہیں۔ اس میں دنیا و آخرت کو سنوارنے، اخلاقی شعور کو ابھارنے اور معیشت و معاشرت کو سدھارنے کے وہ بنیادی اصول درج ہیں جن کی نظیر پیش کرنے سے علماء و فلاسفہ کے ضخیم دفتر قاصر ہیں۔اس کے حقائق آگیں مواعظ انسانیت کے بھولے ہوئے درس کو یاد دلانے، حسن معاشرت کے مٹے ہوئے نقوش کو تازہ کرنے اور اخلاقی رفعتوں کو ابھارنے کیلئے قوی محرک ہیں۔

 

اس بارے میں مزید

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button