سیرتسیرت امام حسین سید الشھداؑ

امام حسین علیہ السلام کے اخلاق کریمہ کا ایک نمونہ

امام حسین علیہ السلام، نہ صرف شیعوں کے دلوں میں مقام و منزلت رکھتے ہیں بلکہ تمام مذاہب اسلامی اور غیر اسلامی آپ کو ایک فداکار شخصیت کے عنوان سے پہچانتے ہیں۔ کیونکہ امام حسین علیہ السلام نے نہ صرف اسلام بلکہ انسانیت کو آزادی اور فداکاری کا درس دیا اور صرف زبان کے ذریعہ اس کو بیان نہیں کیا بلکہ اپنے اخلاق اور کردار کے ذریعہ لوگوں کو انسانیت کا درس دیا، کربلاء امام حسین علیہ السلام کی فداکاری کے اعلی درجہ کا نام ہے، امام حسین علیہ اسلام کی شخصیت میں وہ فداکاری کا جذبہ موجود تھا اسی لئے تو امام حسین علیہ السلام نے اتنی بڑی فداکاری کو پیش کیا، اسی بات کو مدّنظر رکھتے ہوئے اس مضمون میں امام حسین علیہ السلام کی فداکاری کے ایک نمونہ کو بیان کیا جارہا ہے ۔
عصام ابن مصطلق سے نقل کیا گیا ہے: وہ کہتا ہے کہ میں جب مدینہ میں داخل ہوا تو میں امام حسین علیہ السلام کی شہرت کو دیکھ کر پریشان ہوگیا، مجھے امام حسین علیہ السلام سے حسد ہونے لگا اور میں اپنے حسد کی بناء پر مجبور ہو گیا کہ میرے دل میں جو ان کی دشمنی تھی اسے آشکار کرو، میں امام حسین علیہ السلام کے پاس گیا اور میں نے کہا: تم ابوتراب کے بیٹے ہو؟
امام حسین علیہ السلام نے فرمایا: ہاں۔
میں نے اس وقت ان کے والد کو بہت زیادہ گالیاں دیں اور ان کے بارے میں بہت زیادہ برابھلا کہا؛ لیکن امام حسین علیہ السلام نے میری جانب محبت بھری ہوئی نگاہوں سے دیکھا اور فرمایا
اعوذ باللّه من الشّیطان الرّجیم خُذِ الْعَفْوَ وَ أْمُرْ بِالْعُرْفِ وَ أَعْرِضْ عَنِ الْجاهِلينَ وَ إِمَّا يَنْزَغَنَّكَ مِنَ الشَّيْطانِ نَزْغٌ فَاسْتَعِذْ بِاللَّهِ إِنَّهُ سَميعٌ عَليمٌ
(سورۂ اعراف، آیات:۱۹۹،۲۰۰)
’’آپ عفو کا راستہ اختیار کریں نیکی کا حکم دیں اور جاہلوں سے کنارہ کشی کریں اور اگر شیطان کی طرف سے کوئی غلط خیال پیدا کیا جائے تو خدا کی پناہ مانگیں کہ وہ ہر شیٔ کا سننے والا اور جاننے والا ہے‘‘۔
اس کے بعد انہوں نے فرمایا:
اپنے لئے آسانی سے کاموں کو انجام دو اور اپنے لئے اور میرے لئے خدا سے مغفرت طلب کرو، اگر مجھ سے کسی چیز کی مدد چاہئے ہو تو کہو میں تمھاری مدد کرونگا اور تم کو کوئی چیز چاہئے تو کہو میں تم کو بخش دونگا اور تم مجھ سے راہنمائی چاہتے ہو تو میں تمہاری رہنمائی کرونگا۔
(سفینه البحار، ج۲، ص۷۰۵)
عصام ابن مصطلق امام حسین علیہ السلام کے اس کردار کو دیکھ کر اپنی غلطی پر نادم ہوگیا اور بہت زیادہ پشیمانی کا اظہار کرنے لگا لیکن امام حسین علیہ السلام نے نہ صرف اس کے اس کردار پراس کی سرزنش نہیں کی بلکہ اپنے بہترین اخلاق کے ذریعہ اس سے فرمایا
قالَ لا تَثْريبَ عَلَيْكُمُ الْيَوْمَ يَغْفِرُ اللَّهُ لَكُمْ وَ هُوَ أَرْحَمُ الرَّاحِمين
(سورہ یوسف، آیت۹۲)
حضرت یوسف علیہ السلام نے کہا کہ آج تمہارے اوپر کوئی الزام نہیں ہے خدا تمہیں معاف کردے گا کہ وہ بڑا رحم کرنے والا ہے۔
نتیجہ:
امام حسین علیہ السلام نے صرف اپنے ایک اچھے اخلاق کے ذریعہ جو آپ کا دیرینہ دشمن تھا اس کو سیدھے راستے کی ہدایت کردی، یہاں پر ہمارے لئے لمحۂ فکر ہے! ہم جو اپنے آپ کو امام حسین علیہ السلام کا غلام کہتے ہیں کیا ہمارے اندر اس اخلاق کا ایک آخری حصہ بھی پایا جاتا ہے، اور اگر نہیں پایا جاتا تو ہم کس بناء پر اپنے آپ کو اما م حسین علیہ السلام کا غلام اور چاہنے والے کہتے ہیں؟

 

اس بارے میں مزید

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button