احادیث رسول خدا صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّماھل بیت علیھم السلامحدیثرسالاتسلائیڈر

میراث رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حکمت آمیز فرامین

۱۔انما بعثت لاتمم مکارم الاخلاق
مجھے تو مکارم اخلاق کی تکمیل کے لئے بھیجا گیا ہے ۔


۲۔انا مدینة العلم و علیّ بابها
میں علم کا شہر ہوں علی اس کا دروازہ ہیں۔


۳۔احب الاعمال الیٰ الله ادومها و ان قل
خدا کی نظر میں وہ اعمال زیادہ محبوب ہیں جن کا دوام زیادہ ہے خواہ وہ کم ہی ہوں۔


۴۔اذا عمل احدکم عملاً فلیتقن
جب تم میں سے کوئی شخص کوئی کام انجام دے تواسے چاہئے کہ محکم واحسن طریقہ سے انجام دے۔


۵۔الایمان نصفان: نصف فی الصبر و نصف فی الشکر
ایمان کے دو حصے ہیں: نصف صبر اور نصف شکر۔


۶۔استعینوا علیٰ امورکم بالکتمان
اپنے امور کی حفاظت میں، زبان بندی سے مدد لو۔


۷۔الامانة تجلب الرزق و الخیانة تجلب الفقر
امانت داری سے روزی اور خیانت کاری سے تنگ دستی آتی ہے ۔


۸۔الایدی ثلاثة: سائلة و منفقة و ممسکة، فخیر الایادی المنفقة
ہاتھ تین قسم کے ہیں: مانگنے والا، خرچ کرنے والااورروکنے والا ،بہترین ہاتھ خرچ کرنے والا ہے ۔


۹۔اذا ساد القوم فاسقهم وکان زعیم القوم اذلهم و اکرم الرجل الفاسق فلینظر البلاء
جب قوم کا سردار فاسق ہو اور ان کالیڈر ذلیل ہو اور اس کا احترام کی جاتا ہوتو لوگوں کو بلا نازل ہونے کا انتظار کرنا چاہئے۔


۱۰۔اعجل الشر عقوبة البغی
جس بدی کی بہت جلد سزا ملتی ہے وہ ظلم و زیادتی ہے۔


۱۱۔الا ان شرار امتی الذین یکرمون مخافة شرهم الا و من اکرمه النّاس اتقاء شره فلیس منی
آگاہ ہو جائو کہ میری امت کے بدترین لوگ وہ ہیں جن کی عزت ان کے شر سے بچنے کے لئے کی جاتی ہے ۔ جان لو کہ جس شخص کے شر سے بچنے کے لئے لوگ اس کی عزت کرتے ہوں اس کا مجھ سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔


۱۲۔بالبر یستعبد الحر
نیکی سے آزادشخص کو غلام بنایا جاتا ہے ۔


۱۳۔بشروا ولا تنفروا
(لوگوں کو) خوش کرو متنفر نہ کرو۔


۱۴۔بادر باربع قبل اربع: شبابک قبل هرمک و صحتک قبل سقمک و غناک قبل فقرک و حیاتک قبل موتک
چار چیزوں سے پہلے چار چیزوں سے فائدہ حاصل کرلو۔ اپنے بڑھاپے سے پہلے، اپنی جوانی سے ، اپنی بیماری سے قبل اپنی تندرستی سے، اپنی ناداری سے قبل اپنی بے نیازی سے اور اپنی موت سے پہلے اپنی زندگی سے ۔


۱۵۔ثلاث من مکارم الاخلاق فی الدنیا و الآخرة: ان تعفو عمن ظلمک و تصل من قطعک و تحلم علٰی من جهل علیک
تین چیزیں دنیاو آخرت میں مکارم اخلاق میں شمار ہوتی ہیں:
جس نے تمہارے اوپر ظلم کیا ہے اسے معاف کر دو، جس نے تمہیں محروم کیا ہے اس کے ساتھ صلۂ رحم کرو اور جس نے تمہارے ساتھ جہالت آمیز سلوک کیا ہے اس سے کچھ نہ کہو۔


۱۶۔ثلاث تخرق الحجب و تنتهی الیٰ ما بین یدی اللّه: صریر اقلام العلماء و وطیٔ المجاهدین و صوت مغازل المحصنات
تین چیزیں پردوں کو چاک کر دیتی ہیں اور بارگاہ خدا تک پہنچتی ہیں ، علماء کے قلم کی آواز،(میدانِ جہاد میں) مجاہدین کی دوڑ دھوپ اور شادی شدہ عورتوں کے چرخہ کاتنے کی آواز۔


۱۷۔ثلاث تقسی القلب: استماع اللهو، و طلب الصید و اتیان باب السلطان
تین چیزوں سے دل سخت ہوتا ہے : گانا سننا، شکار کا پیچھا کرنا اور بادشاہ کے دروازہ پر جانا۔


۱۸۔جبلت القلوب علیٰ: حب من احسن الیها، وبغض من اساء الیها
دلوں کی جبلت یہ ہے کہ وہ اپنے ساتھ نیک سلوک کرنے والے سے محبت اور بد سلوکی کرنے والے سے نفرت کرے۔


۱۹۔حاسبوا انفسکم قبل ان تحاسبوا
اپنے نفسوں کا حساب کرو قبل اس کے تم سے حساب لیا جائے۔


۲۰۔حب الدنیا رأس کل خطیئة
ہر خطا کی جڑ دنیا کی محبت ہے ۔


۲۱۔الحکمة ضالة المومن راس الحکمة مخافة اللّه
حکمت مومن کاگمشدہ سرمایہ ہے ۔ حکمت کی معراج خوف خدا ہے ۔


۲۲۔حفت الجنة بالمکاره و حفت النار بالشهوات
جنت سختیوں میں اور دوزخ شہوتوں میں لپٹی ہوئی ہے ۔


۲۳۔حسنوا اخلاقکم و الطفوا بجیرانکم و اکرموا نسائکم تدخلوا الجنة بغیر حساب، داووا امراضکم بالصدقة
اپنے اخلاق کو اچھا بنائو ، اپنے ہمسایوں کے ساتھ مہربانی کرو اور اپنی عورتوں کی عزت کر وتو بے حساب جنت میں داخل ہو گے، اپنے بیماروں کا صدقہ کے ذریعہ سے علاج کرو۔


۲۴۔رأس العقل بعد الایمان باللّٰه مداراة النّاس فی غیر ترک حق
خدا پر ایمان لانے کے بعد عقل کا کمال یہ ہے کہ حق کو چھوڑ ے بغیر لوگوں کے ساتھ نرمی سے پیش آئے۔


۲۵۔سادة النّاس فی الدنیا الاسخیائ، سادة النّاس فی الآخرة الاتقیاء السعید من وعظ بغیره
دنیا میں لوگوں کے سردار اہل سخاوت ہیں اور آخرت میں لوگوں کے سردار اتقیاء ہیں اور نیک وہ ہے جو اپنے غیر سے نصیحت حاصل کرے ۔


۲۶۔شر النّاس من باع آخرته بدنیاه، و شر من ذلک من باع آخرته بدنیا غیره
بدترین انسان وہ ہے جو اپنی آخرت کو اپنی دنیا کے عوض بیچ دے اور اس سے بدتر وہ شخص ہے جو اپنی آخرت کو غیر کی دنیا کے عوض بیچ دے۔


۲۷۔طوبیٰ لمن شغله عیبه عن عیوب الناس
خوش نصیب ہے وہ شخص کہ جس کے عیوب اسے دوسروں کی عیب جوئی سے غافل رکھتے ہیں۔


۲۸۔علیک بالجماعة فان الذئب یاخذ القاصیة
تمہارے لئے ضروری ہے کہ جماعت کے ساتھ رہو اس لئے کہ گلہ سے بچھڑ جانے والی بکری کو بھیڑیا اچک لیتا ہے ۔


۲۹۔علیکم بالاقتصاد فما افتقر قوم اقتصدوا
تمہارے لئے لازم ہے کہ میانہ روی اختیار کرو اس لئے کہ وہ قوم کبھی مفلس و نادار نہیں ہوئی جس نے میانہ روی اختیار کی۔


۳۰۔عجبت لمن یحتمی من الطعام مخافة الدائ، کیف لا یحتمی من الذنوب مخافة النار
مجھے اس شخص پر تعجب ہے کہ جو بیماری کے خوف سے کھانے میں احتیاط کرتا ہے لیکن جہنم کے خوف سے گناہوں سے نہیں بچتا۔


۳۱۔عز المؤمن استغناؤه عن الناس
مومن کی عزت اس میں ہے کہ وہ لوگوں سے بے نیاز رہے ۔


۳۲۔عد من لا یعودک، و اهد لمن لم یهد الیک
جس نے تمہاری عیادت نہیں کی اس کی عیادت کرو اور جس نے تمہیں ہدیہ نہیں دیا اسے ہدیہ دو۔


۳۳۔الغنی غنی النفس
صحیح معنی میں بے نیاز وہی ہے جو اپنے نفس سے بے نیاز ہو۔


۳۴۔کن عالماً او متعلماً او مستمعاً او محباً، ولا تکن الخامس فتهلک
عالم یا طالب یا (عذر سے ) سننے والے یا (ان تینوں کے ) چاہنے والے بن جائو اگر ان کے پانچویں بنوگے تو ہلاک ہو جائو گے ۔


۳۵۔لا مال اعود من العقل
عقل سے زیادہ نفع بخش کوئی مال نہیں ہے ۔


۳۶۔لا فقر اشد من الجهل
جہالت سے بڑی مفلسی و ناداری کوئی چیز نہیں ہے ۔


۳۷۔لا عقل کالتدبیر
تدبیر جیسی کوئی عقل نہیں ہے ۔


۳۸۔لیس منا من غش مسلماً او ضره او ما کره
جس نے مسلمان کو دھوکا دیا یا اس کو نقصان پہنچایا یا اس کے ساتھ مکر کیا اس کا ہم سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔


۳۹۔من المروءة اصلاح المال
مال کی اصلاح بھی جوانمردی ہے ۔


۴۰۔من احب عمل قوم اشرک معهم فی عملهم
جو شخص کسی قوم کے عمل کو پسند کرتا ہے وہ اس کے عمل میں شریک ہوتا ہے ۔


۴۱۔من احب قوماً حشر معهم
جو شخص کسی قوم سے محبت کرتا ہے وہ اسی کے ساتھ محشور ہوگا۔


۴۲۔من عمل بما علم ورثه الله ما لم یعلم
جو شخص اپنے علم کے مطابق عمل کرتا ہے خدا اسے اس چیز کا وارث بنا دیتا ہے جس کو وہ نہیں جانتا تھا۔


۴۳۔من اعان ظالماً علیٰ ظلمه سلطه الله علیه
جو شخص ظلم میں ظالم کی مدد کرتا ہے خدا اس پر ظالم کو مسلط کر دیتا ہے ۔


۴۴۔من یصلح ما بینه و بین الله یصلح الله ما بینه و بین الناس
جو شخص ان چیزوں کی اصلاح کر تا ہے جو اس کے اور خدا کے درمیان ہیں تو خدا اس کے اور لوگوں کے درمیان کی چیزوں کی اصلاح کرتا ہے ۔


۴۵۔من لا یرحم لا یرحم
جو رحم نہیں کرتا اس پر رحم نہیں کیا جاتا۔


۴۶۔من غش غُشّ
جو دھوکا دیتا ہے وہ دھوکا کھاتا ہے ۔


۴۷۔من تساویٰ یوماه فهو مغبون
جس شخص کے دو دن یکساں گذریں وہ گھاٹے میں ہے۔


۴۸۔ما عال من اقتصد
میانہ روی اختیار کرنے والا کبھی تنگ دست نہیں ہوتا ۔


۴۹۔المؤمن من امن النّاس من یده و لسانه
مومن تو بس وہی ہے کہ جس کے ہاتھ اور زبان سے لوگ محفوظ رہتے ہیں۔


۵۰۔المسلم من سلم النّاس من اذاه
مسلمان وہ ہے جس کی اذیتوں سے لوگ محفوظ و سالم رہتے ہیں۔


۵۱۔المجالس بالامانة
مجالس کا اعتبار امانتداری کے ساتھ ہے ۔


۵۲۔المسلم مرآة لاخیه المسلم
مسلمان اپنے مسلمان بھائی کے لئے آئینہ ہے ۔


۵۳۔المسلم اخو المسلم لا یظلمه ولا یثلمه
مسلمان، مسلمان کا بھائی ہے وہ نہ اس پر ظلم کرتا ہے اور نہ اسے ستاتا ہے ۔


۵۴۔المستشار موتمن
جس سے مشورہ لیا جاتا ئے وہ امانت دار ہونا چاہئے ۔


۵۵۔ما هلک امرؤ عرف قدر نفسه
جو اپنی قدر و منزلت جانتا ہے وہ ہلاک نہیں ہوتا ۔


۵۶۔من تفاقر افتقر
جوغربت کا اظہار کرتا ہے وہ غریب ہوجاتا ہے ۔


۵۷۔من عمل علیٰ غیر علم کان ما یفسد اکثر ما یصلح
جس نے علم کے بغیر عمل کیا اس نے فائدہ سے زیادہ نقصان اٹھایا۔


۵۸۔من اذاع فاحشةً کان کمبدها
جس شخص نے زنا کی خبر کو عام کیا گویا اس نے خود زنا کیا۔


۵۹۔و من عیر مومناً بشیء لم یمت حتی یرکبه
جس شخص نے کسی مومن پر کسی چیز کی تہمت لگائی وہ اس وقت تک نہیں مرے گا جب تک خود اس کا مرتکب نہیں ہوگا۔


۶۰۔من عد غداً من اجله فقد اساء صحبة الموت
جو شخص آنے والے کل کو اپنی عمر کا جز سمجھتا ہے گویا وہ موت پر یقین نہیں رکھتا ۔


۶۱۔من ارضیٰ سلطاناً بما یسخط الله خرج من دین الله
جس شخص نے خدا کو ناراض کرکے کسی بادشاہ کو خوش کیا وہ دین خدا سے نکل گیا۔


۶۲۔مداراة النّاس نصف الایمان و الرفق بهم نصف العیش
لوگوں کی خاطرمدارات کرنا نصف ایمان ہے اور ان کے ساتھ نرمی سے پیش آنا نصف زندگی ہے۔


۶۳۔یسروا ولا تعسروا
آسانی فراہم کرو دشواری نہیں۔


۶۴۔یطبَّع المؤمن علیٰ کل خصلة ولا یطبع علیٰ الکذب ولا علیٰ الخیانة
مومن میں ہر خصلت ہو سکتی ہے لیکن جھوٹ اور خیانت نہیںہو سکتی۔
(منارۂ ہدایت،جلد1 (گروہ جہانی مجمع جہانی اہل البیت علیہم السلام) سے اقتباس)

 

اس بارے میں مزید

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button