خطبہ جمعۃ المبارک (شمارہ:318)

(بتاریخ: جمعۃ المبارک 29 اگست 2025 بمطابق 4 ربیع الاول 1447ھ)
تحقیق و ترتیب: عامر حسین شہانی جامعۃ الکوثر اسلام آباد
جنوری 2019 میں بزرگ علماء بالخصوص آیۃ اللہ شیخ محسن علی نجفی قدس سرہ کی جانب سے مرکزی آئمہ جمعہ کمیٹی قائم کی گئی جس کا مقصد ملک بھر میں موجود خطیبِ جمعہ حضرات کو خطبہ جمعہ سے متعلق معیاری و مستند مواد بھیجنا ہے۔ اگر آپ جمعہ نماز پڑھاتے ہیں تو ہمارا تیار کردہ خطبہ جمعہ پی ڈی ایف میں حاصل کرنے کے لیے ہمارے وٹس ایپ پر رابطہ کیجیے۔
مرکزی آئمہ جمعہ کمیٹی جامعۃ الکوثر اسلام آباد
03465121280
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمَٰنِ الرَّحِيمِ
موضوع: سیرت و زندگی امام حسن عسکری علیہ السلام
﷽
اسلامی سال کا تیسرا مہینہ ماہ ربیع الاول شروع ہو چکا ہے۔ عربی زبان میں موسم بہار کو ربیع کہتے ہیں۔ اس مہینے کا نام ربیع الاول اس لیے رکھا گیا کیونکہ جب ابتداء میں اس کا نام رکھا گیا تو اس وقت فصل ربیع یعنی موسم بہار کا آغاز تھا۔ یہ مہینہ فیوضات و برکات کے اعتبار سے افضل ہے کہ باعث تخلیق کائنات رحمۃ اللعالمین احمد مجتبیٰ محمد مصطفی صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کی ولادت باسعادت اسی مہینے میں ہوئی۔
اس مہینے کی دیگر اہم مناسبات:
• 1 ربیع الاول یکم ہجری رسول خدا ﷺ کی مکہ سے مدینہ ہجرت
• 8 ربیع الاول 260 ھ حضرت امام حسن عسکریؑ کی شہادت
• 9 ربیع الاول عید زہراؑ، امام زمانہ عجل اللہ فرجہ الشریف کی امامت کا آغاز
• 10 ربیع الاول سن 15 قبل بعثت رسول خدا ﷺ کا ام المو منین سیدہ خدیجۃ الکبریٰؑ سے نکاح
• 17 ربیع الاول ایک عام الفیل رسول خدا ﷺ ولادت باسعادت
• 17 ربیع الاول 83 ھ حضرت امام جعفر صادق ؑ کی ولادت باسعادت
آٹھ ربیع الاول: شہادتِ امام حسن عسکری (ع) – صبر اور حکمت کا سبق
مومنین کرام! آٹھ ربیع الاول، ہمارے گیارہویں امام، حضرت امام حسن عسکری علیہ السلام کی شہادت کا دن ہے۔ یہ دن امت کے لیے ایک عظیم مصیبت کا دن تھا، جب ایک ایسی ہستی دنیا سے رخصت ہوئی جس نے اپنے مختصر دور امامت میں بھی دین کی حفاظت اور شیعہ کی رہنمائی کا فریضہ بخوبی انجام دیا۔ آپ (ع) نے اپنی زندگی کا بیشتر حصہ قید اور نظر بندی میں گزارا، لیکن اس کے باوجود آپ نے اپنے نائبین کے ذریعے اپنے شیعوں تک احکامات پہنچائے اور انہیں آنے والی غیبت کے لیے تیار کیا۔
نو ربیع الاول: عید الزہراء (ع) – ایک نیا آغاز اور امید کی کرن
آٹھ ربیع الاول کا غمگین دن گزرنے کے بعد، نو ربیع الاول کا دن آتا ہے، جسے "عید الزہراء (ع) ” کہا جاتا ہے۔ یہ وہ دن ہے جب اہل بیت (ع) نے کربلا کے بعد پہلی بار حقیقی خوشی کا اظہار کیا۔ یہ خوشی اس لیے تھی کہ کربلا میں مظالم ڈھانے والے لشکر کے سپہ سالار، عمر ابن سعد کا سر مختار ثقفی کے ذریعے امام زین العابدین (ع) کی خدمت میں بھیجا گیا۔ یہ ظالم کے انجام کا آغاز تھا، اور یہ اس بات کی علامت تھی کہ حق کے راستے میں کی گئی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جاتیں۔
یہ فتح کی علامت تھی، جو یہ ظاہر کرتی ہے کہ باطل کا انجام ہمیشہ رسوائی اور زوال ہوتا ہے۔ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ حق کی قربانیاں رائیگاں نہیں جاتیں اور ایک دن ظالموں کو ان کے کیے کی سزا ضرور ملتی ہے۔
نو ربیع الاول: آغازِ امامتِ امام مہدی (عجل اللہ فرجہ الشریف)
نو ربیع الاول کا دن اس سے بھی زیادہ اہمیت رکھتا ہے، کیونکہ اس دن ہمارے آخری امام، حضرت امام مہدی (عج) کی امامت کا آغاز ہوا۔ امام حسن عسکری (ع) کی شہادت کے بعد امامت کا سلسلہ آپؑ کے فرزند حضرت امام مہدی (عج) کو منتقل ہوا، جو تا قیامت جاری رہے گا۔ اس دن امام زمانہ (عج) کی ولایت اور امامت کا آغاز ہوا۔ یہ ایک نئی امید، نئی روشنی اور ایک عالمی حکومت کی بنیاد کا آغاز ہے جو پوری دنیا کو عدل و انصاف سے بھر دے گی۔
ہمارے امام، امام مہدی (عج) اگرچہ غیبت میں ہیں، لیکن ان کی امامت کا سلسلہ جاری ہے۔ یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم ان کی غیبت کے دور میں اپنے آپ کو تیار کریں۔
چونکہ خطبہ جمعہ کا ایک اہم مقصد وعظ و نصیحت بھی ہے اس لیے یہاں ہم امام حسن عسکریؑ کی سیرت سے وعظ و نصیحت شامل کرتے ہیں:
دو بہترین خصلتیں:
آئمہ کی زندگی میں سب سے مرکزی حیثیت، ذات خدا کو حاصل ہے اور ہر کام اللہ کیلئے انجام دینا اللہ کے راستے میں انجام دینا اللہ کی رضا کے مطابق انجام دینا یہی آئمہ علیہم السلام کی زندگی کا مقصد ہے اور اسی مقصد کی تکمیل کے لئے ان ذوات مقدسہ نے اپنی پوری زندگی بسر کی ہے اور ان برگزیدہ ہستیوں کا دوسرا اہم کام دوسری اہم سیرت لوگوں کو فائدہ پہنچانا، ان کی فلاح اور بہبود اور سعادت دنیا و آخرت کے لئے دن رات کوشاں رہنا نیز اپنے شیعوں کو ایک اہم سفارش یہی ایمان باللہ اور نفع اخوان یعنی اللہ کی ذات پر ایمان اور اپنے دینی بھائیوں کو فائدہ پہنچانا ہے۔
امام حسن عسکری علیہ السلام ایک حدیث میں ارشاد فرماتے ہیں:
خَصْلَتانِ لَیْسَ فَوْقَهُما شَیءٌ: الاْیمانُ بِاللّٰهِ، وَنَفْعُ الاْخْوانِ۔ (تحف العقول، ص ۴۸۹)
دو ایسی خصلتیں ہیں جن سے برتر کوئی چیز نہیں ہے ایک اللہ پر ایمان اور دوسرے اپنے مؤمن بھائیوں کو فائدہ پہنچانا۔
حقیقی حسن:
امام حسن عسکری علیہ السلام ارشاد فرماتے ہیں:
حُسنُ الصُّورة جَمالٌ ظاهِرٌ، وحُسنُ العَقلِ جَمالٌ باطِنٌ۔
چہرے کی خوبصورتی ظاہری حسن و جمال ہے جبکہ عقل کی خوبصورتی باطنی حسن و جمال ہے۔
اس حدیث شریف میں امام علیہ السلام حقیقی خوبصورتی کا تعارف کرا رہے ہیں کہ شکل و صورت کا خوبصورت ہونا فقط ظاہری خوبصورتی ہے جو کہ عارضی ہوتی ہے اور ایک وقت آتا ہے وہ خوبصورتی ختم ہو جاتی ہے لیکن عقل کی خوبصورتی یعنی عقل میں مثبت سوچ فکر اور اچھے خیالات کا پایا جانا باطنی خوبصورتی ہے جو انسان کے کردار پر اثر ڈالتے ہوئے اسے خوبصورت بنا دیتی ہے۔ پس حقیقی خوبصورتی عقل کی خوبصورتی ہے۔
آپؑ کی نظر میں فکر و تفکر کی عظمت:
لوگ مال و زر کے حصول کے لئے زمین کھو دتے ہیں اور غوطہ خور دریاؤں اور سمندروں کی تہہ میں موجود جواہرات کے حصول کے لئے غوطہ لگاتے ہیں۔ جبکہ مومن و صاحب تزکیہ حقیقی خزانے کے حصول کے لئے اپنی فکر کے عمیق دریا میں غوطہ ور ہوتا ہے۔
قالَ عليه السلام: إنّ الْوُصُولَ إلَى اللّٰهِ عَزَّ وَ جَلَّ سَفَرٌ لايُدْرَكُ إلاّبِامْتِطا ءِ اللَّيْلِ۔
بتحقیق خداوند متعال کی معرفت کے عالی مقام تک پہنچنے کے لیے ایک سفر ہے کہ جو حاصل نہیں ہوتا مگر راتوں کو عبادت کرنا اور اس کی رضایت حاصل کرنا۔ ( بحارالا نوار: ج 75، ص 380، س 1)
آپؑ کی نگاہ میں فکر کی عظمت اس قدر ہے کہ آپؑ نے اسحاق بن اسماعیل کے نام خط لکھا کہ جس میں آپؑ نے غور و فکر کی طرف اشارہ کرتے ہوئے اس میں ارشاد فرمایا:
اے اسحاق تم اور تمھارے جیسوں پر خدا کی رحمت ہے اور تم لوگ خدا کی بصیرت کے دائرہ میں ہو، خدا تم جیسے لوگوں پر اپنی نعمات نازل کرے۔
پس یقین رکھو اے اسحاق جو شخص اس دنیا سے نابینا جائے گا وہ آخرت میں بھی نابینا حاضر ہو گا۔ اے اسحاق آنکھیں نابینا نہیں ہونگی بلکہ وہ دل کہ جو سینہ میں ہیں وہ نابینا ہوں گے اور یہ سب انسان کی فکر سے مربوط ہیں جیسا کہ خدا وند متعال نے ارشاد فرمایا:
قَالَ كَذٰلِكَ اَتَـتْكَ اٰيَاتُنَا فَـنَسِيْتَـهَا ۖ وَكَذٰلِكَ الْيَوْمَ تُنْسٰى۔ (سورہ طہ، آیہ ۱۲۶)
ارشاد ہوگا کہ اسی طرح ہماری آیتیں تیرے پاس آئیں اور تونے انہیں بھلا دیا تو آج تو بھی نظر انداز کردیا جائے گا۔ یعنی جس نے خدا کے بارے میں غور و فکر نہیں کی تو روز قیامت خدا بھی اسکو نظر انداز کردے گا۔ اسحاق کے نام امام کا خط بتاتا ہے کہ فکر اسلام کی اصل و اساس میں سے ہے جو جتنی فکر کرے گا خدا اسکے اجر و ثواب میں اتنا اضافہ کرے۔
در حقیقت امام حسن عسکری علیہ السلام اس چیز کی طرف اشارہ کر رہے ہیں کہ دیکھو زیادہ نمازیں پڑھنا یا زیادہ روزے رکھنا ہی عبادت نہیں ہے بلکہ عبادت وہ ہے جو معرفت اور غور فکر کے ساتھ انجام دی جائے۔
قالَ عليه السلام: لَيْسَتِ الْعِبادَةُ كَثْرَةُ الصّيامِ وَالصَّلاةِ، وَ إنَّمَا الْعِبادَةُ كَثْرَةُ التَّفَكُّرِ في امْرِ اللّٰهِ۔۔ (مستدرك الوسائل: ج 11، ص 183، ح 12690)
زیادہ نمازیں پڑھنا اور روزے رکھنا ہی عبادت نہیں ہے بلکہ عبادت زیادہ فکر کرنا ہے خداوند متعال کی بے انتھا قدرت پر۔
اس کا یہ مطلب نہیں کہ یہاں نماز و روزہ کی اہمیت کم کی جار ہی ہے بلکہ بتایا یہ جا رہا ہے کہ اگر یہ عبادتیں غور و فکر کے بغیر ہوں تو ان کا اتنا زیادہ فائدہ نہیں جتنا غوروفکر اور معرفت کے بلند مقام تک پہنچ کرعبادت کی معراج حاصل ہوتی ہے۔ لہٰذا عبادت کے ساتھ غوروفکر ہو تو وہ عبادت قبولیت کی بلندیوں تک پہنچتی ہے۔
امام حسن عسکری علیہ السلام کا شیعوں کے نام اہم پیغام:
امام حسن عسکری علیہ السلام کی شہادت کے موقع پر مناسب ہے کہ ہم آپؑ کے ان پیغامات کا ایک بار پھر مطالعہ کریں جو آپؑ نے خاص طور پر اپنے شیعوں کے لئے دیئے ہیں۔
امام حسن عسکری علیہ السلام نے فرمایا:
أُوصیکُمْ بِتَقْوَى اللّٰهِ وَ الْوَرَعِ فى دینِکُمْ وَالاْجْتَهادِ لِلّٰهِ وَ صِدْقِ الْحَدیثِ وَ أَداءِ الأَمانَةِ إِلى مَنِ ائْتَمَنَکُمْ مِنْ بَرٍّ أَوْ فاجِر۔
میں تمہیں نصیحت کرتا ہوں کہ تقوائے الہٰی اور اپنے دین کے متعلق زہد اختیار کرو، خدا کے لئے سعی اور کوشش کرو، جو تمہیں امین سمجھے اس کے سلسلے میں صداقت اور امانتداری کا خیال رکھو چاہے جس کی امانت ہو وہ شخص نیک ہو یا بدکار۔
وَ طُولُ السُّجُودِ وَ حُسْنِ الْجَوارِ۔ فَبِهذا جاءَ مُحَمَّدٌ ( صلى اللّٰه علیه وآله وسلم ) صَلُّوا فى عَشائِرِهِمْ وَ اشْهَدُوا جَنائِزَهُمْ وَ عُودُوا مَرْضاهُمْ وَ أَدُّوا حُقُوقَهُمْ۔
سجدوں کو طولانی کرو اور پڑوسیوں کے ساتھ حسن سلوک کا مظاہرہ کرو۔ حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم یہی پیغام لائے ہیں کہ
ان کی جماعتوں میں نماز ادا کرو اور ان کے جنازوں پر حاضر ہوا کرو اور ان کے بیماروں کی عیادت کرو۔ان کے حقوق کو ادا کرو۔
فَإِنَّ الرَّجُلَ مِنْکُمْ إِذا وَرَعَ فى دینِهِ وَ صَدَقَ فى حَدیثِهِ وَ أَدَّى الاَمانَةَ وَ حَسَّنَ خُلْقَهُ مَعَ النّاسِ قیلَ: هذا شیعِىٌ فَیَسُرُّنى ذلِکَ۔
کیونکہ تم میں سے ہر ایک جب اپنے دین کے لیے زاہد اور پارسا، اور اپنی گفتگو میں صادق اور امانتدار اور لوگوں کے ساتھ خوش اخلاق ہوگا تو کہا جائیگا: یہ ایک شیعہ ہے، اور یہی وہ کام ہیں جن سے ہم (اہلبیت) خوش ہوتے ہیں۔
إِتَّقُوا اللّٰهَ وَ کُونُوا زَیْنًا وَ لا تَکُونُوا شَیْنًا۔
تقوائے الہٰی کے دامن کو تھامے رہو، ہمارے لیے زینت کا سبب بنو، برائی اور شرم کا سبب نہ بنو۔
جُرُّوا إِلَیْنا کُلَّ مَوَدَّة وَ ادْفَعُوا عَنّا کُلَّ قَبیح۔
اپنی تمام دوستی اور محبتوں کو ہم سے ملاؤ اور تمام قبیح کاموں کو ہم سے دور رکھو۔
فَإِنَّهُ ما قیلَ فینا مِنْ حَسَن فَنَحْنُ أَهْلُهُ وَ ما قیلَ فینا مِنْ سُوء فَما نَحْنُ کَذلِکَ۔
کیوںکہ ہر اچھی بات جو ہم سے منسوب کی جائے، ہم اس کے اہل ہیں اور ہر بری بات جو ہمارے لئے کہی جاتی ہے، ہم اس سے بہت دور ہیں۔
لَناحَقٌّ فى کِتابِ اللّٰهِ وَ قَرابَةٌ مِنْ رَسُولِ اللّٰهِ وَ تَطْهیرٌ مِنَ اللّٰهِ لا یَدَّعیهِ أَحَدٌ غَیْرُنا إِلاّ کَذّابٌ۔
کتاب خدا میں ہمارے لئے کچھ حقوق ہیں، اور پیغمبرؐ سے ہماری قرابت ہے۔ خدا نے ہمیں پاک قرار دیا ہے، ہمارے علاوہ کوئی بھی اس مقام کا مدعی نہیں ہے اور اگر کوئی ایسا دعویٰ کرے تو وہ جھوٹا ہے۔
أَکْثِرُوا ذِکْرَ اللّٰهِ وَ ذِکْرَ الْمَوْتِ وَ تِلاوَةَ الْقُرانِ۔
خدا اور موت کو زیادہ یاد کرو، اور قرآن کی زیادہ سے زیادہ تلاوت کرو۔
وَ الصَّلاةَ عَلَى النَّبِىِّ ( صلى اللّٰه علیه وآله وسلم ) فَإِنَّ الصَّلاةَ عَلى رَسُولِ اللّٰهِ عَشْرُ حَسَنات، إِحْفَظُواما وَصَّیْتُکُمْ بِهِ وَ أَسْتَوْدِعُکُمُ اللّٰهَ وَ أَقْرَأُ عَلَیْکُمْ السَّلامَ۔
اور پیغمبرؐ پر کثرت سے درود وسلام بھیجو کیونکہ پیغمبرؐ پر صلوات بھیجنا، دس نیکیاں رکھتا ہے۔ جو کچھ میں نےتم سے کہا ہے اس کو اپنے پاس محفوظ رکھو، اور تم سب کے خدا کی پناہ میں دیتا ہوں، و سلام ہو تم پر۔(أعيان الشّيعة،جلد 2، صفحه 41)
امام زمانہ کا تعارف کرانا:
اس زمانہ کے مطالعہ سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ سچ ہے کہ اس زمانہ میں امام عصر کے بارے میں گفتگو کرنا آسان تھا کیونکہ لوگوں کے ذہنوں میں یہ بات گھر کر چکی تھی کہ رسول اللہ (ص) کی نسل سے کوئی آئے گا اور ظلم و جور کی بساط سمیٹ دےگا، دنیا کو عدل و انصاف سے بھر دیگا . لیکن دوسری طرف عباسی حکومت تھی جو اپنے تمام ساز و سامان کے ساتھ اس وعد ہ الٰہی کی سخت دشمن تھی کیونکہ عباسی حکمرانو ں کا تصور یہ تھا کہ انکی حکومت اس آنے والے کے ہاتھوں جلد ہی نابود ہو جائے گی اور انکا خون اسکی شمشیر کے چہرہ کی سرخی ہو جائے گا .
ان پر خطر حالات میں اگر امام عسکریؑ ولادت امام عصرؑ کا عمومی اعلان کرتے تو خود امام عصرؑ کی جان کے لئے خطرہ تھا اور اگر امام عصرؑ کی ولادت کی خبر کو چھپا لیتے تو قیامت تک آنے والی امت اپنے امام سے بے خبر رہ جاتی کیونکہ امامت کے سلسلہ کی آخری کڑ ی سے اگر لوگ ناآشنا رہ جاتے تو نظام ہدایت ختم ہو جاتا .امام عسکریؑ کے لئے یہ ایک سنگین مسئلہ تھا ایک طرف امت سے ا سکے ھادی کا تعارف کرانا تھا تو دوسری طرف اس ھادی کی حفاظت بھی کرنا تھی کہ جسکے کاندھوں پر قیامت تک آنے والی نسل انسانی کی ہدایت کا بار تھا۔
اس سنگین مسئلہ کو صرف اور صرف عقل امام معصوم ہی حل کر سکتی تھی کہ جس میں حکمت اور علم اپنی زیبا ترین شکل میں جلوہ نما تھے۔ ان حالات میں امامؑ نے در میان کی راہ کو اختیار کیا وہ اس طرح کہ نہ تو اس منجی بشریت کی ولادت کا عمومی اعلان ہی کیا اور نا ہی ا سکی آمد کی خبر کو پوری طرح چھپایا۔ امام عسکری سے جو روایات نقل ہوئی ہیں انکے مطالعہ سے امام کی اس حکمت عملی کا بخوبی پتہ چلتا ہے کہ امامؑ نے کس احتیاط کے ساتھ امام عصرؑ کے تعارف کرانے کی ذمہ داری کو انجام دیا ا سکے کچھ نمونے پیش خدمت ہیں: احمد ابن اسحق جو امام عسکریؑ کے خاص صحابی تھے فرماتے ہیں کہ ..۔۔..امام عسکریؑ کی خدمت میں باریابی کا شرف ملا تو میں نے امامؑ سے انکے وارث کے بارے میں سوال کرنا چاہا . لیکن اس سے پہلے ہی امامؑ نے فرمایا:’’ اے ابن اسحق خدا نے اس زمین کو کبھی اپنی حجت سے خالی نہیں چھوڑ ا، اسی کے وجود کی برکت سے بارشیں ہوتی ہیں اور اسی کے ذریعہ اہل زمین سے بلائیں دور ہوتی ہیں . میں نے عرض کیا ۔اے فرزند رسول آپ کے بعد آپ کا جانشین کون ہے؟ امامؑ فوراً گھر میں تشریف لے گئے اور جب لوٹے تو انکے کاندھے پر ایک تین سال کا بچہ تھا جس کا چہرہ ماہ کمال سے زیادہ روشن تھا .امامؑ نے فرمایا . ْ اے ابن اسحق: اگر تم خدا، رسولؐ اور ا سکی حجتوں کے نزدیک صاحب شرف نا ہوتے توکبھی اپنے بیٹے کو تمہیں نا دکھاتا .جان لو کہ ا سکا نام، رسول کا نام اور ا سکی کنیت رسول کی کنیت ہے ؛یہ وہ ہے جو دنیا کو عدل و انصاف سے بھر دیگا . میں نے کہا مولا ا سکی کوئی نشانی بھی ہے جس سے مرے دل کو اطمینان حاصل ہو.اسی وقت اس تین سالہ فخر کائنات نے لبوں کو جنبش دی اور فصیح عربی میں فرمایا۔ ۔:انا بقیۃ اللّٰہ فی الارض ومنتقمہ من اعدائہ۔ میں زمین پر خدا کی حجت ہوں اورمیں ہی ا سکے دشمنوں سے انتقام لونگا اے ابن اسحق۔ اب جب تم نے اپنی آنکھوں سے دیکھ لیا ہے تو ا سکے بعد دلیل کی تلاش میں نہ رہو . احمد ابن اسحٰق کہتا ہے کہ میں یہ سننے کے بعد امامؑ کے گھر سے خوشی خوشی رخصت ہوا۔ ( تحلیلی از زندگی امام عسکری ص ۳۱۴)
اسی طرح محمد بن عثمان، معاویہ بن حکیم اور عمر ابن ابو ایوب نقل کرتے ہیں کہ امام عسکریؑ کے شیعیان میں سے ہم چالیس لوگ امامؑ کی خدمت میں حاضر ہوئے، امامؑ نے ہم لوگوں کو اپنے فرزند کی زیارت کرائی او ر فرمایا.میرے بعد یہ میرا جانشین اور تمہارا امام ہے،ا سکی اطاعت کرنا اور میرے بعد اپنے دین سے پھر مت جانا ورنہ گمراہ ہو جاؤگے .جان لو کہ آج کے بعد تم اسے نہیں دیکھو گے۔ (مہدی معجزہ جاویدان ص۸۳)
اولاد کا عقیقہ ایک بہترین سنت اسلامی ہے کہ جسکے لئے بہت تاکید کی گئی ہے .عقیقہ میں بچہ کی سلامتی اور طول عمر کے لئے گوسفند کو ذبح کیا جاتا ہے اور لوگوں کی دعوت کی جاتی ہے . امام عسکری علیہ السلام نے بارہا اپنے فرزند کے لئے عقیقہ کیا اور اس سنت کو اپنے بیٹے اور خدا کی آخری حجت کے تعارف کے لئے ذریعہ بنایا . محمد بن ابراہیم کہتا ہے کہ امام عسکری علیہ السلام نے اپنے ایک شیعہ کے گھر ذبح کیا ہوا گوسفند بھیجا اور فرمایا کہ یہ میرے بیٹے محمد کا عقیقہ ہے . (نگین آفرینش ص۴۳)
ابوہاشم جعفری کہتا ہے کہ میں نے امام عسکری علیہ السلام سے سوال کیا کہ آقا کیا آپ کا کوئی فرزند ہے؟ امامؑ نے فرمایا ؛ہا ں۔ میں نے پوچھا مولا اگر کوئی اتفاق ہو جائے تو اسے کہاں پاؤں گا؟ تو امامؑ نے فرمایا مدینہ میں. (رہبر جاویدان ص ۱۷۶)
ا سکے علاوہ اور بھی بہت سی روایات ہیں جو پتہ دیتی ہیں کہ کس احتیاط کے ساتھ امام عسکری علیہ السلام نے اپنے بیٹے کی ولادت کی خبر کو دشمنوں سے چھپایا اور دوستوں کو حجت خدا کے وجود سے بے خبر نا رہنے دیا . سلام ہو ہمارا اس امام پر کہ جس نے قیامت تک آ نے والے انسانوں کے لئے انکے ہادی اور رہبر کی شناخت کا سامان مہیا فرمایا۔
امام زمانہ عجل اللہ فرجہ الشریف کے بارے پیشنگوئی:
امام حسن عسکری علیہ السلام نے عثمان بن سعید سے فرمایا:
قیامت تک زمین کبھی بھی حجت خدا سے خالی نہیں رہیں گے اور ہاں جو بھی امامؑ کی معرفت کے بغیر اس دنیا سے گیا وہ جھالت کی موت مرا ہے۔ دوسری جگہ آپؑ ارشاد فرماتے ہیں: روز روشن کی طرح یہ حق ہے امام علیہ السلام سے یہ پوچھا گیا؟
اے فرزند رسول ﷺ حجت اور امام آپؑ کے بعد کون ہوگا؟
آپؑ نے فرمایا: میرا بیٹا محمد، میرے بعد وہ تم لوگوں کا امام اور حجت ہے جو بھی اس کی معرفت کے بغیر اس دنیا سے جائے جھالت کی موت مرا ہے۔
روایات میں آیا ہے کہ امام حسن عسکری علیہ السلام نے فرمایا:( سیرزقنى اللّٰه ولدا بمنه و لطفه)
بہت جلد خدا اپنے کرم سے مجھے ایک فرزند عطا کرے گا۔ (بحار الانوار، ج50، ص313)
امام حسن عسکری علیہ السلام جب معتمد عباسی کے زندان میں تھے تو ایک سپاہی سے اپنے بیٹے کی ولادت کے بارے بتایا:
إِي وَ اَللَّهِ سَيَكُونُ لِي وَلَدٌ يَمْلَأُ اَلْأَرْضَ قِسْطاً۔
خدا کی قسم بہت جلد خدا مجھے بیٹا عطا کرے گا کہ جو زمین کو عدالت سے بھر دے گا۔ ( غیبت شیخ طوسی ص 123 )
کہا گیا ہے کہ امامؑ نے اس زندانی سے اس لیے کہا کہ وہ اس بات کو ان شیعوں تک پہنچائے۔
اور آپ نے اپنی زوجہ حضرت نرجس علیہا السلام سے اس طرح فرمایا: جلد ہی خدا ہمیں ایک بیٹا عطا کرے گا کہ جس کا نام محمد ہے اور وہ میرے بعد قائم ہے۔ ( مستدرک وسائل: ج 12 ص 280)
فضل ابن شاذان ، محمد بن عبدالجبار سے روایت کرتے ہیں کہ میں امام حسن عسکری علیہ السلام کی خدمت میں حاضر ہوا ، اور عرض کی: اے فرزند رسول میری جان آپ پر قربان ، میں جاننا چاہتا ہوں کہ آپ کے بعد لوگوں پر امام اور حجت خدا کون ہے؟ تو امام علیہ السلام نے فرمایا:
ان الامام و حجه اللّٰه من بعدى ابنى، سمى رسول اللّٰه و کنیه الذى هو خاتم حجج اللّٰه و آخر خلفائه ۔
امام اور حجت خدا میرے بعد میرا بیٹا ہے کہ جس کا نام اور کنیت رسول اللہ جیسی ہے اور وہ تم پر حجت الہٰی اور آخری خلیفہ ہیں۔
میں نے پوچھا اس کی ماں کون ہونگی؟ آپ نے فرمایا: مِنْ اِبْنَةِ اِبْنِ قَيْصَرَ مَلِكِ اَلرُّومِ أَلاَ إِنَّهُ سَيُولَدُ وَ يَغِيبُ عَنِ اَلنَّاسِ غَيْبَةً طَوِيلَةً ثُمَّ يَظْهَرُ۔ قیصر روم کی پوتی، ہوشیار رہو کہ وہ جلد ہی پیدا ہونے والا ہے ایک طویل مدت کے لیے لوگوں کی آنکھوں سے پوشیدہ ہونگے اور پھر ظھور کریں گے۔ ( اثبات الهداه: ج 3 ص 569)
یہ حدیث ولادت امام زمانہ سے پہلے امام حسن عسکری علیہ السلام سے نقل ہوئی اور مورد اعتماد ہے کیونکہ اس کی سند فضل بن شاذان نے اپنی قیمتی کتاب (اثبات الرجعۃ) میں لکھی ہے۔ فضل بن شاذان اور امام حسن عسکری علیہ السلام میں فقط ایک واسطہ ہے اور وہ بھی محمد بن عبدالجبار کا، کہ جنہیں شیخ طوسیؒ نےثقہ کہا ہے اور تائید کی ہے۔ (رجال شیخ طوسى: ص 423 و 435)
حکمیہ خاتون نے نیمہ شعبان کے بارے کہا: کہ ابو محمد نے کسی کو میرے پاس بھیجا اور کہا کہ آج افطار میرے پاس کیجیے گا کہ خدا وند متعال آج اپنی حجت کو اس دنیا میں بھیجے گا۔
تو جناب حکیمہ خاتون نے سوال کیا اس کی ماں کون ہے تو فرمایا: نرجس خاتون۔ (ینابیع الموده جلد 3 ص 36)
نتیجۃً ہم کہہ سکتے ہیں کہ اگرچہ امام حسن عسکری علیہ السلام کا زمانہ بہت مشکل تھا اور آپ کو حکومت کی جانب سے طرح طرح کی پابندیوں کا سامنا تھا لیکن اس کے باوجود بھی آپؑ نے دین کا پیغام پہنچانے میں کوئی کسر نہ چھوڑی اور باطل کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور اسی طرح لوگوں کو امام زمانہ سے متعارف کرایا اور ان کی غیبت کے سلسلے میں لوگوں کو تیار کیا۔
اللّٰهُمَّ صَلِّ عَلَى مُحَمَّدٍ وآلِ مُحَمَّدٍ وعَجِّلْ فَرَجَهُمْ۔
٭٭٭٭٭




